اسلام آباد: ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے زیر اہتمام کئے گئے”پاکستان میں سماجی و رہائشی معیارات سروے” 20۔2019ء کے مطابق اس وقت ملک کے 96 فیصد سے زیادہ گھرانوں کو بجلی کی سہولت دستیاب ہے۔
بجلی کی سہولیات تک رسائی رکھنے والے ملک کے 96 فیصد مجموعی گھرانوں میں 91 فیصد حکومت کی فراہم کردہ بجلی کی سہولت دستیاب ہے جبکہ 5 فیصد گھروں میں روشنی وغیرہ کے لئے سولر پینلز نصب کئے گئے ہیں۔
سروے رپورٹ کے مطابق ملک میں مجموعی طور پر 48 فیصد گھر بطور ایندھن گیس استعمال کرتے ہیں جبکہ 37 فیصد گھر روشنی، کھانا پکانے یا ہیٹنگ وغیرہ کے لئے ماحول دوست ایندھن استعمال کر رہے ہیں۔
مزید برآں سروے کے مطابق اس وقت ملک کے 94 فیصد گھروں کو صاف پانی دستیاب ہے، صاف پانی کے ذرائع میں پائپ کے ذریعے پانی کی سپلائی، موٹر پمپس، ہینڈ پمپس (نلکے)، محفوظ شدہ کنویں اور قدرتی چشمے وغیرہ جبکہ بوتل میں پیک پانی اور ٹینکرز کے ذریعہ سپلائی کئے جانے والے صاف پانی کے ذرائع شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت پاکستان کے مجموعی گھروں میں 68 فیصد گھرانے ٹوائلٹس کی سہولیات کے حامل ہیں اور یہ سہولت ان کی نجی ملکیت ہونے کی وجہ سے کسی دوسرے فرد کے ساتھ شیئر نہیں کی جا رہی ہے۔