اسلام آباد: وی آن (VEON) ہالینڈ کی پاکستان میں ملکیتی موبائل فون کمپنی جاز اور ناروے کی ملکیتی کمپنی ٹیلی نار نے تجدید لائسنس کی مد میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو دوسری قسط کیلئے 15 ارب 82 کروڑ روپے (10 کروڑ 31 لاکھ 70 ہزار ڈالر) ادا کر دیئے۔
یہ رقم پاکستان ٹیلی کام ری آرگنائزیشن ایکٹ 1996ء کے تحت فیڈرل کنسولیڈیٹڈ فنڈ (ایف سی ایف) میں جمع کرائی گئی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق اب تک تین موبائل آپریٹرز سے لائسنس کی تجدید کے سلسلہ میں مجموعی طور پر فیس کا 50 فیصد اور پہلی قسط کی مد میں وصول ہو نے والے 135 ارب 81 کروڑ روپے (86 کروڑ 22 لاکھ 20 ہزار ڈالر) سرکاری خزانے میں جمع کرائے گئے ہیں۔
دو موبائل فون آپریٹرز سے اب تک وصول ہونے والی دوسری قسط کے ساتھ یہ رقم 151 ارب 63 کروڑ روپے (96 کروڑ 53 لاکھ 90 ہزار ڈالر)ہو گئی ہے۔ سی ایم پاک (زونگ) کی جانب سے لائسنس کی تجدید فیس کی دوسری قسط پانچ کروڑ 40 لاکھ 86 ہزار ڈالر اکتوبر 2021ء میں ادا کی جائے گی۔