’نوجوانوں کو سٹارٹ اپس کیلئے 100 ارب روپے کے قرضے دیے جائیں گے‘

وزیراعظم عمران خان کا ہنرمندی کی تعلیم کیلئے سالانہ ایک لاکھ 70 ہزار سکالرشپس کا اعلان، 50 ہزار سکالرشپ صرف جدید ٹیکنالوجی سے متعلق ہوں گے

833

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے دو پروگرام متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نئے کاروباروں (سٹارٹ اپس) کیلئے 100 ارب روپے کے قرضے دیے جائیں گے۔

گزشتہ روز اس حوالے سے اپنے اہم ویڈیو پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں سرکاری ملازمت مل جائے لیکن حکومت کیلئے تمام نواجونوں کو سرکاری ملازمت فراہم کرنا ممکن نہیں۔ پہلے ہی کئی محکموں میں سرکاری ملازمین کی تعداد زیادہ ہے اور پینشن کا بل بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹارٹ اپس میں نئے آئیڈیاز کے تحت آمدنی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، اس سلسلے میں حکومت دو پروگرام لا رہی ہے، ہنرمندی کی تعلیم کیلئے ایک لاکھ 70 ہزار سکالرشپس دیے جائیں گے۔ اس سے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے:

سی پیک کے تحت چار اقتصادی زونز پر کام جاری، 14 لاکھ نوکریاں پیدا ہوں گی

’پاکستان کی برآمداتی استعداد 88 ارب ڈالر، پونے 2 ارب ڈالر اضافی ٹیکس، 9 لاکھ نوکریاں پیدا کی جا سکتی ہیں‘

وزیراعظم کے مطابق ایک سال میں 50 ہزار سکالرشپس جدید ٹیکنالوجی سے متعلق ہوں گے جن میں مصنوعی ذہانت اور بینک ڈیٹا وغیرہ شامل ہیں، چھ چھ ماہ کے کورسز کے بعد نوجوانوں کو ایسی ملازمتیں ملیں گی جن کے بارے میں نواجونوں نے سوچا بھی نہیں ہو گا۔ دنیا تیزی کے ساتھ ٹیکنالوجی کے انقلاب کی طرف جا رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اگر نوجوانوں کے پاس اپنے کاروبار شروع کرنے کیلئے آئیڈیاز ہیں اور ان کے پاس مالی وسائل نہیں ہیں تو اس کیلئے 100 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جن سے کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو قرضے دیئے جائیں گے جن سے نوجوان اپنی دکان کھولنا چاہیں یا کوئی دوسرا کاروبار کرنا چاہیں تو وہ کاروبار کرسکتے ہیں ، اس کے لئے میرٹ پر قرضے دیئے جائیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ فنڈز اس مقصد کے لئے ہم نے مختص کئے ہیں تاکہ نوجوان اپنا کاروبارشروع کر کے اپنے پائوں پر کھڑے ہو سکیں۔ ہر سال اس سلسلے میں فنڈز میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو مستفید کیا جا سکے۔

عمران خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ نوجوانوں کو خود بھی روزگار ملے اور یہ ملک کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں۔ امید ہے کہ سکل ایجوکیشن اور کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں سے نواجوں بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here