وبا پر قابو پانے کے عالمی اقدامات کیلئے 50 ارب ڈالر کی ضرورت

2021ء کے اختتام تک دنیا کی 40 فیصد آبادی کو ویکسین لگائی جانی چاہیے جبکہ 2022 کی پہلی ششماہی میں بقیہ 60 فیصد آبادی کو ویکسین یقینی بنانے کی ضرورت ہے، آئی ایم ایف

755

اسلام آباد: کووڈ۔19 کی عالمگیر وبا پر قابو پانے کے اقدامات کیلئے 50 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف ) نے عالمی سطح پر اقتصادی بہتری کیلئے صحت کے حالیہ بحران کے خاتمہ کیلئے دنیا بھر میں گرانٹس، حکومتی وسائل اور صاحب ثروت افراد اور امیر ممالک پر زور دیا ہے کہ وبا سے تحفظ اور عالمی معاشی صورت حال میں بہتری کیلئے کم ازکم 50 ارب ڈالر کے وسائل کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

آئی ایم ایف کی تجویز کے مطابق اس خطیر رقم سے رواں سال 2021ء کے اختتام تک دنیا بھر کے تمام ممالک میں کم از کم 40 فیصد آبادی کو کووڈ۔19 سے تحفظ کیلئے ویکسین لگائی جانی چاہیے جبکہ 2022 کی پہلی ششماہی میں 60 فیصد عالمی آبادی کو ویکسین فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ زیادہ سے زیادہ عالمی آبادی کو کورونا وائرس سے تحفظ کی ویکسین لگا کر معاشی بحالی اور صحت کے نقصانات کو کم سے کم کرنے میں مدد حاصل ہوگی۔

اس کے علاوہ عالمی مالیاتی ادارہ نے اپنی تجویز میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے بحران کو محدود کرنے کیلئے مرض کی تشخیص کے نظام کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور ویکسین کی کم شرح والے ممالک کیلئے اضافی وسائل کی دستیابی بھی بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔

آئی ایم ایف نے تجویز دی ہے کہ تحفظ کی حکمت عملی کے تحت صرف رقوم یا وسائل کی فراہمی کے وعدوں کے برعکس آگے بڑھتے ہوئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

فنڈ کے مطابق مالی وسائل کی فراہمی کے علاوہ ویکسین کے عطیات کی فراہمی اور رسک کے خاتمہ کی سرمایہ کاری کے فروغ سے کورونا وائرس کے عالمی بحران کی شدت کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here