سی پیک: چینی سرمایہ کاروں کیلئے ویزہ کے خصوصی طریقہ کار کی منظوری

سی پیک سے متعلقہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہش مند چینی شہریوں کو دو سالہ مدت کیلئے ورک انٹری ویزا پاکستانی مشن سے 48 گھنٹوں میں جاری کیا جائے گا، سیکورٹی کلیئرنس لازماً 30 دنوں میں کر دی جائے گی

663

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے سی پیک منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والے چینی سرمایہ کاروں کو 48 گھنٹوں میں ویزہ جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سی پیک کے امور میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم ایجنڈا زیرغور آیا۔

اجلاس کے دوران سی پیک سے متعلقہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہش مند چینی شہریوں کیلئے ویزہ فراہمی کے ایک خصوصی طریقہ کار کی منظوری دی گئی، اس سے چینی شہریوں کی پاکستان آمد مزید آسان ہو جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے:

سی پیک کے تحت چار اقتصادی زونز پر کام جاری، 14 لاکھ نوکریاں پیدا ہوں گی

سی پیک سے پاکستان کے سماجی شعبہ میں مجموعی طور پر 5.21 فیصد ترقی متوقع، امریکی جریدہ

چینی شہریوں کو دو سالہ مدت کیلئے ورک انٹری ویزا چین میں پاکستانی مشن کی جانب سے 48 گھنٹوں میں جاری کیا جائے گا اور سیکورٹی کلیئرنس لازماً 30 دنوں میں کر دی جائے گی۔

سی پیک بزنس ویزا ہولڈرز کیلئے گرین چینل کی طرز پر علیحدہ امیگریشن کاﺅنٹرز قائم کئے جائیں گے، ورک بزنس ویزا میں سی پیک ویزا کی ایک الگ کیٹیگری کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسی طرح چین میں پاکستانی مشن اور وزارت داخلہ میں سی پیک کی درخواستوں پر غور کیلئے علیحدہ ڈیسک قائم کئے جائیں گے۔ اس اقدام سے چینی شہریوں اور سی پیک سے متعلقہ افراد اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں آمدورفت کی سہولت مل سکے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here