دس ماہ میں نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 43 فیصد اضافہ، حجم 454.5 ارب روپے رہا

جولائی 2020ء سے اپریل 2021ء تک روایتی بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کو 215.4 ارب روپے جبکہ اسلامی بینکوں سے 103.7 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے گئے، سٹیٹ بینک  

613

اسلام آباد: رواں مالی سال 2020-21ء کے پہلے دس ماہ کے دوران نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 43 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء تا اپریل 2021ء کے دوران بینکوں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے نجی شعبہ کو 454.5 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے گئے۔

گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے دس ماہ (جولائی تا اپریل) کے دوران نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی کا حجم 318.4 ارب روپے رہا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دس مہینوں کے دوران بینکوں اور مالیاتی اداروں کی طرف سے نجی شعبہ کو قرضوں کے اجراء میں 136.1 ارب روپے یعنی 43 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس دوران روایتی بینکاری کے شعبہ کی طرف سے نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 69.8 ارب روپے کے اضافہ سے قرضوں کا اجراء 145.6 ارب روپے کے مقابلہ میں 215.4 ارب روپے تک بڑھ گیا۔

مزید برآں اسلامک بینکنگ کے شعبہ کی جانب سے نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 46.3 ارب روپے اضافہ ہوا اور قرضوں کی فراہمی 57.4 ارب روپے کے مقابلہ میں 103.7 ارب روپے تک بڑھ گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here