حکومت کا ملک کی پہلی لینڈ پورٹ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ

547

پشاور: حکومت سرحدی علاقوں میں بہتر انتظامی معاملات چلانے کے پیش نظر کاروباری برادری سمیت برآمدکنندگان اور درآمدکنندگان کو سہولیات دینے کے لیے جلد پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی (پی ایل پی اے) قائم کرے گی۔ 

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے تعاون سے قائم کی جارہی اتھارٹی کا مقصد پاکستان کی بیرونی سرحدوں کو جدید کرنا ہے۔

انیشی ایٹو سے غیرقانونی تجارت کی حوصلہ شکنی اور افغانستان کے ساتھ ساتھ وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ ٹرانزٹ اور باہمی تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔

کسٹمز ہاؤس میں سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) کے سینئر نائب صدر انجنئیر منصور الہٰی نے تجویز کردہ پی ایل پی اے سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی اس حوالے سے کاروباری برادری اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے مصنوعات کی مؤثر اور بروقت ترسیل، لوگوں اور گاڑیوں کی انکے بین الاقوامی سرحدوں یا سرحد کے اندر تجارت کو سہولیات دینے کے ساتھ لمبی قطاروں کے ٹریفک انفراسٹرکچر کو مدِنظر رکھ کر بین الاقوامی تجارت اور لاجسٹکس سے متعلق کارکردگی میں اضافے کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس کے شرکاء نے امید ظاہر کی کہ حکومت کے اقدام سے اقتصادی شرح نمو اور سرمایہ کاری کو فروغ دے کر وسیع پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے اس کے علاوہ برآمدات کی کارکردگی اور علاقائی رابطے کو بہتر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایل پی اے کی مدد سے تجارتی لاگت کو کم کر کے تجارتی سہولیات اور سازگار کاروباری ماحول کے ساتھ ساتھ آٹومیشن بڑھانے کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں زور دیا گیا کہ پاکستان کو علاقائی ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ معاہدوں پر دستخط کرنے چاہیے اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے لیے کاروبار سے کاروبار کے رابطے کو قائم کرنا چاہیے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here