اسلام آباد: رواں مالی سال کے دوران بجٹ سپورٹ کیلئے حاصل کیے گئے خصوصی قرضوں میں 42 فیصد نمایاں کمی ہوئی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال 21۔2020ء کے پہلے 10 ماہ (جولائی تا اپریل) کے دوران حکومت کی جانب سے بجٹ سپورٹ کے لیے حاصل کردہ قرضہ جات کا حجم 676 ارب روپے تک کم ہو گیا۔
گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی دس ماہ (جولائی تا اپریل) کے دوران بجٹ سپورٹ کیلئے 1171 ارب روپے کے قرضے مختلف مالیاتی ذرائع سے حاصل کیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیے:
پانچ سالوں میں 8 لاکھ 87 ہزار ایس ایم ایز کو قرضے فراہم کیے گئے
رواں مالی سال میں حکومت نے کتنے ارب ڈالر بیرونی قرض لیا اور کتنا واپس کیا؟
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی دس مہینوں کے دوران بجٹ سپورٹ کیلئے حاصل کیے گئے حکومتی قرضوں کے حجم میں 495 ارب روپے یعنی 42 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
بجٹ سپورٹ کے حوالے سے حاصل کردہ قرضوں کے حجم میں نمایاں کمی کے نتیجہ میں ملک کے مالیاتی خسارہ میں بھی نمایاں کمی ہو گی۔
اقتصادی ماہرین نے مالیاتی خسارہ میں کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مالیاتی نظم و ضبط کے موثر حکومتی اقدامات سے مالیاتی خسارہ میں مزید کمی متوقع ہے جس سے ملک کی معاشی ترقی کے مطلوبہ اہداف کے حصول کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔