اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بیرون ملک سے موبائل فونز لانے پر اضافی ڈیوٹیز اور ٹیکس وصولی کے حوالہ سے خبروں کے بارے وضاحت جاری کر دی۔
ایف بی آر نے کہا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ساتھ ایک حالیہ اجلاس میں طے ہوا تھا کہ بیرون ملک سے آنے والا مسافر اپنے پاسپورٹ پر پانچ فون رجسٹر کرا سکتا ہے اور 500 ڈالر سے مہنگے فون کی صورت میں شناختی کارڈ کی بجائے پاسپورٹ سے فون کی رجسٹریشن کی صورت میں ڈیوٹی اور ٹیکسز کا فرق 9 ہزار روپے ہو گا جو بیرون ملک سے آنے والا مسافر ادا کرے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاسپورٹ کے ذریعے موبائل فونز کی رجسٹریشن کی حوصلہ شکنی اور رجسٹریشن ایک فون سیٹ تک محدود کرنے کی غرض سے سی آر ایف کے ذریعے وی باک ماڈیول (webok module) تیار کیا گیا تھا تاہم اس پراسیس کے دوران وِدہولڈنگ ٹیکس کے استثنیٰ کی سہولت ختم کر دی گئی تھی۔ اس لئے اب پاسپورٹ کے ذریعے رجسٹریشن کے عمل پر سسٹم پر 36 ہزار 720 روپے کے ٹیکسز ظاہر ہو رہے تھے۔
ایف بی آر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مسئلہ کو ڈائریکٹر (آر اینڈ اے) کراچی کے سامنے اجاگر کیا گیا ہے جس کے بعد متعلقہ ٹیم تیار کئے گئے ماڈیول کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ اس مسئلہ کو ختم کیا جا سکے اور ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی واجب الادا سابقہ شرح کی وصولی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایف بی آر نے کہا ہے کہ آج بروز ہفتہ یہ مسئلہ حل کر لیا جائے گا۔ کمپیوٹرائزڈ نظام میں پیدا ہونے والی اس پیچیدگی کے نتیجہ میں ادا کئے گئے زیادہ ٹیکسز اور ڈیوٹیز ریفنڈ کر دی جائیں گی۔ ایف بی آر نے سسٹم کی خرابی کے باعث زیادہ ڈیوٹی اور ٹیکسز ادا کرنے والے صارفین سے اس حوالہ سے معذرت بھی کی ہے۔