اسلام آباد: حکومت کو ٹریژری بلز (ٹی بلز) کی نیلامی کے ذریعے 575.3 ارب روپے آمدن ہوئی، 5 مئی کو ہونے والی گزشتہ نیلامی سے شرح میں معمولی تبدیلی رہی۔
انگریزی اخبار ڈان کی ایک رپورٹ کے مطابق 6 ماہ کے ٹی بلز کی کَٹ آف ییلڈ 5 بیسز پوائنٹس اضافے سے 7.60 فیصد جا پہنچی۔ حکومت نے 6 ماہ کے ٹی بلز کی نیلامی سے سب سے زیادہ 325.5 ارب روپے اکٹھے کیے۔ مذکورہ ٹی بلز کی نیلامی زیادہ سے زیادہ 552.5 ارب روپے رہی۔
حکومت کو تین ماہ کے ٹی بلز سے 7.34 فیصد سے 179.8 ارب روپے آمدن ہوئی۔ 5 مئی کو گزشتہ نیلامی سے شرح میں تبدیلی نہیں آئی۔ 3 ماہ کے ٹی بلز کے لیے 453.9 ارب روپے کی بولیاں لگائی گئیں۔
ایک سال کے ٹی بلز کی 7.68 فیصد شرح سے سب سے کم آمدن ہوئی۔ مذکورہ ٹی بلز کے لیے بولیاں بھی کم ہی لگائی گئیں جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ اگر اس عرصے کے دوران شرح سود بڑھی تو طویل مدت سرمایہ کاری کو مسائل درپیش ہو سکتے ہیں۔ حکومت نے اس مدت کے لیے 21.6 ارب روپے اکٹھے کیے۔
حکومت نے غیر مسابقتی نیلامی سے 48.4 ارب روپے اکٹھے کر کے مجموعی طور پر575.3 ارب روپے کے ٹی بلز فروخت کیے۔