اسلام آباد: سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے سماجی شعبہ کی ترقی کیلئے 8 ارب 70 کروڑ روپے مالیت کے چار منصوبوں کی منظوری دے دی ہے جبکہ 17 ارب روپے مالیت کا ایک منصوبہ حتمی منظوری کیلئے ایکنک کو بھیج دیا۔
گزشتہ روز سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن محمد جہانزیب خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی کمیشن کےعلاوہ متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ صوبائی حکومتوں کے حکام ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران گلگت بلتستان کے ضلع گانچے میں 30 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کیلئے ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو منظوری کیلئے ایکنک میں بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا جس کی لاگت 16 ارب 39 کروڑ 87 لاکھ روپے ہے۔
اس پاور پروجیکٹ سے پیدا ہونے والی بجلی ضلع گانچے اور سکردو کے مضافاتی علاقوں کو پانچ کلومیٹر طویل 66 کے وی ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں زیارت ٹائون کی ترقی کے حوالے سے ایک ارب 20 کروڑ روپے مالیت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کی کی منظوری دے دی گئی۔
اس منصوبہ کی تکمیل سے زیارت میں بنیادی ڈھانچہ کے شعبہ کی ترقی کے ساتھ ساتھ سیاحت کو فروغ حاصل ہو گا اور علاقہ کی سماجی ترقی میں اضافہ ہو گا۔
سائنس و ٹیکنالوجی کے کے سات ارب 40 کروڑ روپے مالیت کے تین منصوبے اجلاس میں پیش کیے گئے جن میں پہلا منصوبہ فل برائٹ سکالرشپ سپورٹ پروگرام (فیز تھری) کا تھا جس کی مالیت چار ارب پانچ کروڑ 91 لاکھ روپے ہے۔
دوسرا منصوبہ این ای ڈی یونیورسٹی میں تعلیم و تحقیق کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کیلئے فنڈز کے اجراء سے متعلق تھا جس کی مالیت ایک ارب 53 کروڑ 73 لاکھ روپے تھی۔
اسی طرح تیسرا منصوبہ پاک کوریا نیوٹریشن سینٹر کے قیام سے متعلق تھا جس کی مالیت ایک ارب 81 کروڑ 35 لاکھ روپے ہے، سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے تینوں منصوبوں کی منظوری دے دی۔