اسلام آباد: سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) سمیت ملک کے تمام بینکوں اور مالیاتی اداروں میں (آج) سوموار 17 مئی 2021ء سے معمول کے دفتری اوقات بحال ہو جائیں گے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تمام کمرشل، مائیکرو فنانس بینک اور مالیاتی ادارے سوموار سے جمعرات تک صبح 9 بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک کھلیں گے۔
اس دوران نماز/دوپہر کے کھانے کا وقفہ ڈیڑھ سے سوا دو بجے تک ہو گا جبکہ جمعہ کو دفتری اوقات صبح نو بجے سے شام چھ بجے تک ہوں گے جس میں نماز/ دوپہر کے کھانے کا وقفہ ایک بجے سے دوپہر ڈھائی بجے تک ہو گا۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ کمرشل اور مائیکرو فنانس بینک عوام سے لین دین کیلئے کاروباری (بینکنگ) اوقات اپنی ضروریات کے مطابق مقرر کر سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے کاروباری اوقات کی کم سے کم بینچ مارک کے طور پر پیروی کریں۔
اعلامیہ میں بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صارفین کی سہولت کیلئے مذکورہ اوقات کار پر پوری طرح عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔