اسلام آباد: عالمی بینک کے انتظامی بورڈ نے پاکستان میں کوویڈ 19 کے انسداد کیلئے جاری قومی ویکسین مہم کی معاونت کیلئے 15 کروڑ30 لاکھ ڈالر کی دوبارہ تخصیص کی منظوری دیدی ہے۔
عالمی بینک نے بنیادی طور پر گزشتہ سال اپریل میں اس پراجیکٹ کی منظوری دی تھی۔
عالمی بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فنڈز کی دوبارہ تخصیص کی منظوری حکومت پاکستان کی درخواست کے بعد کی گئی ہے، ان فنڈز کے ذریعہ پاکستان کی حکومت کو عالمی بینک کے مقرر کردہ اہلیت کے معیار کے مطابق ویکسین کی خریداری اوراس کی موثر فراہمی میں مدد ملے گی۔
پراجیکٹ سے پاکستان کی حکومت کو صحت کے نظام کی استعداد میں بہتری اور ویکسین کیلئے اہل شہریوں کو مہلک بیماری سے بچانے میں معاونت فراہم ہو گی۔
پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے کہا ہے کہ مارچ 2021ء سے پاکستان کورونا وائرس کی تیسری لہر کی زد میں ہے، اس لہر سے لاکھوں پاکستانیوں کی صحت اور روزگار کیلئے خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پرعزم شراکت دار کی حیثیت سے عالمی بینک صحت عامہ کے بحران سے نمٹنے، ویکسین کی فراہمی اور وبا کے معاشی اور سماجی منفی اثرات کو کم کرنے میں میں پاکستان کے ساتھ معاونت جاری رکھے گا۔
عالمی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان میں ویکسین کی خریداری کیلئے حالیہ معاونت کے علاوہ بینک نے افغانستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا میں ویکسین کی خریداری میں معاونت کیلئے 768.5 ملین ڈالر کی معاونت فراہم کی ہے۔