اسلام آباد: جاری مالی سال کے دوران پاکستان میں ریفریجریٹرز کی پیداوار میں اضافہ اور ڈیپ فریزر کی پیداوار میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر مارچ 2021ء تک کی مدت میں پاکستان میں 9 لاکھ 28 ہزار 170 یونٹس ریفریجریٹرز کی پیداوار ریکارڈ کی گئی۔
یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے پہلے 9 ماہ کے مقابلے میں 37.99 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پاکستان میں چھ لاکھ 72 ہزار 659 یونٹس ریفریجریٹرز کی پیداوار ریکارڈ کی گئی تھی۔
مارچ 2021ء کے دوران پاکستان میں ایک لاکھ 19 ہزار 535 یونٹس ریفریجریٹرز کی پیداوار ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ سال مارچ میں 56 ہزار 449 یونٹس یونٹس ریفریجریٹرز تیار کیے گئے تھے۔
پی بی ایس کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں پاکستان میں 68 ہزار 947 یونٹس ڈیپ فریزرز کی پیداوار ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 5.32 فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران ملک میں 72 ہزار 819 یونٹس ڈیپ فریزرز کی پیداوار ریکارڈ کی گئی تھی۔
مارچ 2021ء میں ملک میں ڈیپ فریزرز کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور سات ہزار 236 یونٹس ڈیپ فریزر کی پیداوارر یکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال مارچ کے تین ہزار 598 یونٹس کے مقابلہ میں 101.11 فیصد زیادہ ہے۔