این سی او سی کا اجلاس: مارکیٹیں، پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ

دفاتر پچاس فیصد عملے کے ساتھ کام جاری رکھ سکیں گے، ٹرینیں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلانے کا فیصلہ، پنجاب میں سکول 23 مئی تک بند رکھنے کا اعلان

783

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں مارکیٹیں اور دکانیں 17 مئی سے کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اسد عمر کی زیرصدارت اجلاس میں ملک میں کورونا وبا کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دکانیں اور مارکیٹیں 17 مئی سے رات 8 بجے تک کھولی جائیں گی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق تمام دفاتر معمول کے مطابق 17 مئی سے کھلیں گے تاہم صرف 50 فیصد عملہ حاضر ہو گا۔

اس کے علاوہ این سی او سی نے انٹر سٹی اور انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ بحال کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، انٹرا سٹی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ 17 کے بجائے 16 مئی سے بحال ہو جائے گی۔

این سی او سی نے عید کے دوران ایس او پیز عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹرینیں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلانے کا فیصلہ بھی کیا۔

اجلاس میں تمام فریقین نے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی کوششوں کو سراہا، عوام کی طرف سے ایس او پیز پر عملدرآمد کے اقدام کو بھی سراہا گیا۔ ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے این سی او سی کا اجلاس دوبارہ 19 مئی کو ہو گا۔

پنجاب میں سکول 23 مئی تک بند رکھنے کا اعلان

دوسری جانب مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ سرکاری و نجی سکول 23 مئی تک بند رہیں گے۔ سکولوں کی بندش کا فیصلہ کورونا کے پھیلاﺅ کی صورت حال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 18 مئی کو اس ضمن میں جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا جس کے بعد تعلیمی ادارے کھولنے یا مزید بند رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ تمام لوگ حکومت کے جاری کردہ کورونا ایس او پیز پرعملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here