کراچی: پاکستان ریلوے نے عید الفطر کی چھٹیوں (10 مئی تا 16 مئی) کے دوران فریٹ ریٹ میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
جاری اعلامیہ کے مطابق لاک ڈاون کے دنوں میں فریٹ ریٹ میں کمی کا مقصد کارگو اور کنٹینر پارٹیز کو بذریعہ ریل ایک پائیدار سروس مہیا کرنا ہے۔
عید کی چھٹیوں کے دوران کوئلے اور کنٹینر کی ویگن پر پانچ فیصد اور کارگو ایکسپریس کی بکنگ پر 25 فیصد رعایت دی گئی ہے جبکہ پریمیئم کنٹینر سروس کی بکنگ پر دس ہزار روپے فی ویگن رعایت ہو گی۔
اس سے قبل محکمہ ریلوے عید کی چھٹیوں کے دوران کراچی ڈویژن میں 28 اَپ اور ڈائون ٹرینیں چلانے کا اعلان کر چکا ہے۔ 10 مئی تا 16 مئی کے درمیان روزانہ صبح 9 بجے کراچی سے حیدرآباد اور دن ایک بجے حیدرآباد سے کراچی عید سپیشل ٹرین روانہ ہوں گی۔ اسی طرز پر کوٹری اور میرپور خاص کے درمیان بھی ٹرینیں چلیں گی۔
اس کے علاوہ عید کی چھٹیوں میں 213 موہنجودڑو ایکسپریس جو کہ کوٹری سے براستہ دادو ہو کر روہڑی پہنچتی ہے، اس کے روٹ کو کوٹری سے بڑھا کر کراچی تک کر دیا گیا ہے تاکہ عوام الناس کو عید الفطر کے موقع پر سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔