اسلام آباد: پاکستان اور شمالی یورپ کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 12.60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مالی سال کے دوران شمالی یورپی خطے کو پاکستانی برآمدات میں 15.82 فیصد اضافہ جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 9.62 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ڈنمارک، فن لینڈ، ناروے، سویڈن، برطانیہ اور دیگر شمالی یورپی ممالک کو پاکستان کی برآمدات کا حجم ایک ارب 98 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے:
وبا کے باوجود پاکستانی کینو کی برآمدات کا نیا ریکارڈ قائم، اربوں روپے آمدن
10 ماہ میں پاکستان کی برآمدات 13 فیصد اضافے سے 20 ارب ڈالر سے متجاوز
یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی پہلی تین سہ ماہیوں کے مقابلہ میں 15.82 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں شمالی یورپ کو پاکستانی برآمدات کا حجم ایک ارب 71 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
مارچ 2021ء میں شمالی یورپی ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 25 کروڑ 57 لاکھ 30 ہزار ڈالر ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ مارچ 2021ء میں خطہ کے ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 18 کروڑ 95 لاکھ 70 ہزار ڈالر رہا تھا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں ڈنمارک، فن لینڈ، ناروے، سویڈن، برطانیہ اور دیگر شمالی یورپی ممالک سے درآمدات کا حجم دو ارب 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی پہلی تین سہ ماہیوں کے مقابلہ میں 9.62 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں شمالی یورپ کے ممالک سے درآمدات کا حجم ایک ارب 93 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
مارچ 2021ء کے دوران شمالی یورپی ممالک سے درآمدات کا حجم 32 کروڑ 25 لاکھ 50 ہزار ڈالر رہا جبکہ مارچ 2020ء میں یہ حجم 24 کروڑ 71 لاکھ 90 ہزار ڈالر رہا تھا۔
اسی طرح مالی سال 2020ء میں شمالی یورپ کے ممالک کو پاکستانی برآمدات کا کل حجم دو ارب 18 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ درآمدات کا حجم دو ارب 57 کروڑ ڈالر رہا تھا۔