برلن: جرمنی کی پرتعیش کار ساز کمپنی بی ایم ڈبلیو کا کہنا ہے کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران اس کا خالص منافع سالانہ بنیاد پر بڑھ کر چارگنا سے زیادہ رہا ہے۔
بی ایم ڈبلیو کے بیان کے مطابق جرمنی میں کورونا وائرس کیسز میں کمی اور کاروباری سرگرمیوں کی تیزی سے بحالی کی وجہ سے پہلی سہ ماہی کے دوران کمپنی کا خالص منافع دو ارب 80 کروڑ یورو (تین ارب 40 کروڑ) رہا۔
سال 2020ء کے دوران جرمنی سمیت یورپ میں کورونا وائرس کی پہلی لہر کی شدت کی وجہ سے صنعتی سرگرمیاں بند تھیں جس کے باعث 2020ء کی پہلی سہ ماہی میں بی ایم ڈبلیو کا خالص منافع 57 کروڑ 40 لاکھ یورو ریکارڈ کیا گیا تھا۔
جنوری سے مارچ 2021ء کے عرصے میں بی ایم ڈبلیو کی 6 لاکھ 36 ہزار 606 گاڑیاں فروخت ہوئیں جو سالانہ بنیاد پر 33 فیصد زیادہ ہیں۔
پہلی سہ ماہی کے دوران دنیا بھر بی ایم ڈبلیو کی گاڑیوں کی فروخت میں اضافے کی وجہ سے کمپنی کی آمدنی 15 فیصد اضافے کے ساتھ 26 ارب 80 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔