9 ماہ میں سنگاپور سے پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری میں 67 فیصد اضافہ

97

اسلام آباد: پاکستان میں سنگاپور کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری میں رواں مالی سال کی تین سہ ماہیوں میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان اور سرمایہ کاری بورڈ کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں پاکستان میں سنگاپور کی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم چار کروڑ 47 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 67.41 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران پاکستان میں سنگاپور کی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم دو کروڑ 67 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:

سویٹزر لینڈ کی پاکستان میں پانچ کروڑ ڈالر سے زائد براہ راست سرمایہ کاری

ہانگ کانگ کی پاکستان میں 58.4 ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری

تجارتی شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 182 فیصد اضافہ

رواں مالی سال کی تین سہ ماہیوں میں پاکستان میں سنگاپور کی پورٹ فولیو سرمایہ کاری کا حجم دو کروڑ 73 لاکھ ڈالر رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ایک کروڑ 38 لاکھ ڈالر پورٹ فولیو سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔

مارچ 2021ء میں پاکستان میں سنگاپور کی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم 47 لاکھ ڈالر اور پورٹ فولیو سرمایہ کاری کا حجم 21 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں مجموعی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں تین سہ ماہیوں کے دوران 35.1 فیصد کی کمی ہوئی۔

گزشتہ مالی سال کی تین سہ ماہیوں میں دو ارب 15 کروڑ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ رواں مالی سال کی اسی مدت براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب 39 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری میں رواں مالی سال کے دوران 52.6 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here