اسلام آباد: رواں مالی سال کی تین سہ ماہیوں میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں پاکستان کے تجارتی شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سرمایہ کاری بورڈ اور سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے مارچ 2021ء تک کی مدت میں ملک میں تجارت کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کا حجم 10 کروڑ 80 لاکھ ڈالر اور پورٹ فولیو سرمایہ کاری کا حجم دو کروڑ 82 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے:
کیمیکلز اور پیٹروکیمیکلز کے شعبوں میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ
بجلی کے پیداواری شعبہ میں 73 کروڑ 78 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ
یہ شرح گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 182 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں تجارتی شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم تین کروڑ 83 لاکھ ڈالر اور پورٹ فولیو سرمایہ کاری کا حجم دو کروڑ 56 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
مارچ 2021ء میں ملک میں تجارت کے شعبہ میں براہ راست سرمایہ کاری کا حجم منفی 70 لاکھ ڈالر جبکہ پورٹ فولیو سرمایہ کاری کا حجم 6 لاکھ ڈالر رہا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں مجموعی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں رواں مالی سال کی تین سہ ماہیوں کے دوران 35.1 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
جولائی 2020ء سے لے کر مارچ 2021ء تک کی مدت میں ایف ڈی آئی اور پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں مجموعی طور پر 52.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
گزشتہ مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں دو ارب 15 کروڑ ڈالر ڈالر ایف ڈی آئی ریکارڈ کی گئی تھی تاہم جاری مالی سال کی تین سہ ماہیوں میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب 39 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا۔