پشاور: گودام پر چھاپے سے ساڑھے 17 ہزار کلو سرکاری چینی برآمد

564

پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے جی ٹی روڈ پر گودام پر چھاپہ مار کر یوٹیلیٹی سٹور کی سرکاری چینی کو پرائیویٹ بیگز میں پیک کرنے پر سرکاری چینی کو قبضے میں لیتے ہوئے مالک گودام کو گرفتار کر لیا۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کو خفیہ اطلاع ملی کہ جی ٹی روڈ پر ایک گودام میں یوٹیلیٹی سٹور کی سرکاری چینی کو پرائیویٹ پیکنگ میں گراں نرخوں پر مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد اظہر خان نے ڈی سی پشاور کی ہدایت پر جی ٹی روڈ چغلپورہ کے قریب مذکورہ گودام پر چھاپہ مارا جہاں یوٹیلیٹی سٹور کی پیکنگ سے نکال کر چینی پرائیویٹ پیکنگ میں منتقل کی جا رہی تھی۔

موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے برہمی کا اظہار کر تے ہوئے مالک کو گرفتار کر کے گودام کو سیل کر دیا اور 17 ہزار 500 کلو گرام یوٹیلیٹی سٹور کی چینی سرکاری تحویل میں لے لی۔

ڈپٹی کمشنر پشاور خالد محمود کے مطابق گرفتار مالک گودام سے پوچھ گچھ جاری ہے اور ملنے والی معلومات پر مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس یوٹیلیٹی سٹور سے چینی سپلائی ہوئی ہے اس کے مالک کے خلاف بھی کارروائی ہو گی جس میں گرفتار ی اور یوٹیلیٹی سٹور کا لائسنس منسوخ کیا جائے گا۔

انہوں نے تمام انتظامی افسران کو اپنے علاقوں میں گوداموں کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی اور یوٹیلیٹی سٹورز کی اشیاء کی موجودگی پر قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here