پنجاب میں 8 مئی سے مکمل لاک ڈاﺅن کا فیصلہ

850

لاہور: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایت کے مطابق عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران لوگوں کی نقل و حمل محدود رکھنے کیلئے پنجاب حکومت نے 8 مئی 2021ء سے صوبے میں مکمل لاک ڈاﺅن کا فیصلہ کیا ہے۔

لاک ڈاﺅن کے دوران ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ اور سیاحتی مقا مات بند رہیں گے اور شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیک پوائنٹس قائم کئے جائیں گے جہاں پر پولیس، رینجرز اور فوج تعینات ہو گی۔

یہ فیصلہ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل داخلہ، صحت، صنعت، اطلاعات کے محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر لاہور، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز اور سول و عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا وبا پر قابو پانے کیلئے اگلے 15 سے 20 دن نہایت اہم ہیں۔ شہری حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں اور ایس او پیز پر عمل یقینی بنائیں۔

انہوں نے اپیل کی کہ کورونا وبا کی موجودہ صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام عید سادگی سے منائیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر زیادہ تعطیلات دینے کا مقصد لوگوں کی نقل وحمل کو محدود کرنا ہے۔ احتیاطی تدابیر کی اہمیت سے متعلق عوام میں شعور و آگاہی کو بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہری عید کی چھٹیوں کے دوران گھر پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ این سی او سی کی ہدایت کے مطابق تعطیلات کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ، پارکس اور سیاحتی مقامات کو مکمل بند رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 8 اپریل سے لے کر 16 اپریل تک ملک بھر میں سیاحتی مقامات، بین الصوبائی، انٹر سٹی اور انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

عید پر کیا کچھ کھلا ہو گا؟

وفاقی حکومت نے عیدالفطر کی مناسبت سے 10 مئی سے 15 مئی تک چھٹیوں کا اعلان کیا ہے، این سی او سی کی ہدایات کے مطابق 8 مئی سے لے کر 16 مئی تک لاک ڈائون کے دوران عیدالفطر کے موقع  گروسری شاپس، بیکریاں، مٹھائی کی دکانیں شامل 6 بجے تک کھلی رہیں گے۔

تندور، دودھ دہی کی دکانیں 24 گھنٹے کھلی رہیں گی، ہوٹلز میں کھانے پر پابندی ہو گی تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری سروس کی اجازت ہو گی جبکہ این سی او سی کی ہدایات کے مطابق بجلی، گیس انٹرنیٹ، سیلولر نیٹ ورک اور میڈیا کے دفاتر 24 گھنٹے کام جاری رکھیں گے۔

تمام مارکیٹیں، کاروبار، دفاتر اور دوکانیں بند رہیں گی، چاند رات بازاروں، مہندی، چوڑیوں اور کپڑوں کے تمام سٹالز پر مکمل پابندی ہو گی۔ تمام ریسٹورنٹس میں اِن ڈور اور آوٹ ڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی ہو گی، صرف ٹیک آوے اور ہوم ڈلیوری کی اجازت ہو گی۔

وہ اضلاع جن میں کورونا وائرس پازیٹوٹی کی شرح آٹھ فیصد سے زیادہ ہے وہاں تمام ان ڈور اور آوٹ ڈور شادی کی تقریبات، ریسٹورینٹس اور مزارات پر مکمل پابندی ہو گی۔ ان اضلاع میں اٹک، بہاولپور، بھکر، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، حافظ آباد، جھنگ، قصور، خانیوال، خوشاب، لاہور، لیہ، ملتان، مظفر گڑھ، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، اوکاڑہ، پاک پتن، راجن پور، راولپنڈی، رحیم یار خان، ساہیوال، سرگودھا، شیخوپورہ اور نارووال شامل ہیں۔

صوبہ بھر میں سیروتفریح کے تمام مقامات اور سیاحتی سرگرمیوں پر پابندی ہو گی، تمام تفریخی مقامات، پارکس، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور پکنک مقامات بند رہیں گے۔ ہر قسم کے سپورٹس فیسٹیولز، ثقافتی تہوار اور اجتماعات پر مکمل پابندی ہو گی۔

ٹرین سروس کل گنجائش کے 70 فیصد مسافروں کے ساتھ جاری رہے گی۔ بین الصوبائی اور شہروں کی مقامی ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہو گی تاہم رکشہ، ٹیکسیز پرائیویٹ گاڑیوں کو پچاس فیصد گنجائش کے ساتھ سفر کی اجازت ہو گی۔ مختلف شہروں کے درمیان ٹرانسپورٹ کو صرف ہفتہ اور اتوار کو پچاس فیصد گنجائش کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہو گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here