اسلام آباد: کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی کی وجہ سے رواں مالی سال کی تین سہ ماہیوں میں پاکستان سے کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں 13.65 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے مارچ 2021ء تک کی مدت میں سپورٹس مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 19 کروڑ 22 لاکھ 60 ہزار ڈالر ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔
یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی 9 ماہ کے مقابلہ میں 13.65 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں کھیلوں کے سامان کی قومی برآمدات سے پاکستان کو 22 کروڑ 26 لاکھ 50 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
پہیلی تین ساہ ماہیوں کے دوران فٹ بال کی برآمدات سے پاکستان کو 9 کروڑ 47 لاکھ 30 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 23.21 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی تین سہ ماہیوں میں فٹ بال کی برآمدات سے 12 کروڑ 33 لاکھ 60 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
سپورٹس گلوز کی برآمدات میں رواں مالی سال کی تین سہ ماہیوں میں 19.18 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور رواں مالی سال میں گلوز کی برآمدات سے ملک کو چار کروڑ 88 لاکھ 30 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں گلوز کی برآمدات سے چھ کروڑ چار لاکھ 20 ہزار ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
مارچ 2021ء میں کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں گزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں 5.70 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مارچ 2020ء میں سپورٹس مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو دو کروڑ 25 لاکھ 10 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا جبکہ مارچ 2021ء میں دو کروڑ 37 لاکھ 90 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔