لاہور: اپریل 2021ء کے دوران پاکستان میں تیل کی فروخت 57 فیصد اضافے سے 1.67 ملین ٹن تک جا پہنچی جبکہ گزشتہ سال اپریل میں تیل کی فروخت 1.07 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔
ماہانہ اعتبار سے بھی تیل کی فروخت میں اضافہ ہوا جو مارچ میں 1.49 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی تھی اور اپریل میں 1.67 ملین ٹن رہی۔
مالی سال 2021ء کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران ملک میں تیل کی مجموعی فروخت 19 فیصد اضافے سے 15.83 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران پاکستان میں 13.34 ملین ٹن تیل فروخت ہوا تھا۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے مطابق اپریل 2021ء کے دوران پیٹرول کی فروخت کا حجم 0.67 ملین ٹن رہا جو اپریل 2020ء کی 0.44 ملین ٹن فروخت سے 54 فیصد زیادہ ہے لیکن مارچ 2021ء کے مقابلہ میں اپریل میں دو فیصد کم پٹرول فروخت ہوا۔
جاری مالی سال کے دس ماہ کے دوران پیٹرول کی مجموعی فروخت 12 فیصد اضافے سے 6.73 ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران پٹرول کی فروخت کا مجموعی حجم 5.99 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اپریل 2021ء میں ڈیزل کی فروخت میں بھی 44 فیصد اضافہ ہوا، جو گزشتہ سال اپریل کے 0.55 ملین ٹن فروخت سے 0.79 ملین ٹن تک جا پہنچی۔ ماہانہ اعتبار سے مارچ میں ڈیزل کی فروخت 47 فیصد اضافے سے 0.53 ملین ٹن تک ریکارڈ کی گئی۔