کوئٹہ: وفاق نے بلوچستان حکومت کو سینڈک گولڈ کاپر پراجیکٹ کے منافع کی مد میں 30 کروڑ 50 لاکھ روپے ادا کر دیے۔
گزشتہ روز سیکرٹری پٹرولیم ڈویژن اسد حیاء الدین نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو چیک دیا۔ پٹرولیم ڈویژن کے ترجمان کے مطابق اس موقع پر سینڈک میٹل کمپنی لمیٹڈ، پٹرولیم ڈویژن اور بلوچستان حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔
سینڈک گولڈ کاپر پراجیکٹ ضلع چاغی میں ہے اور پبلک لمیٹڈ کمپنی سینڈک میٹل لمیٹڈ وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن) کے انتظامی کنٹرول کے تحت اس منصوبہ پر کام کر رہی ہے۔
اس منصوبے کے ذریعے دور دراز علاقے میں ہزاروں افراد کو روزگار کے ساتھ ساتھ پینے کے صاف پانی اور علاج جیسی بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
منصوبہ سے وفاقی اور صوبائی حکومت کو بھاری آمدن بھی حاصل ہو رہی ہے، منصوبہ پر کام کرنے والی کمپنی رائلٹی کی ادائیگی اور سماجی خدمات کے ساتھ ساتھ حکومت بلوچستان کو اس منصوبہ سے حاصل ہونے والے منافع سے حصہ بھی فراہم کرتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پٹرولیم ڈویژن تیل و گیس، قدرتی وسائل کے ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ مقامی لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام جاری رکھے گی۔