چھ ایشیائی ممالک نے ’ویکسین نیشنلزم‘ کو وبا کیخلاف عالمی کوششوں میں رکاوٹ قرار دیدیا

پاکستان، چین، بنگلہ دیش، افغانستان، نیپال اور سری لنکا کے وزرائے خارجہ نے انصاف اور برابری کے اصولوں پر مبنی کوویڈ ویکسین کی تقسیم پر اتفاق کیا ہے

676

اسلام آباد: پاکستان، چین، بنگلہ دیش، افغانستان، نیپال اور سری لنکا نے ”انصاف اور برابری کے اصولوں“ پر مبنی کوویڈ-19 ویکسین کی تقسیم پر اتفاق کیا ہے۔

چھ ایشیائی ممالک نے ویکسین کو کووڈ-19 کو شکست دینے کا کلیدی ہتھیار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ “ویکسین نیشنلزم” وبائی مرض کو شکست دینے کی عالمی کوششوں میں رکاوٹ بنے گی۔

کووڈ-19 کے بارے میں چھ ایشیائی ممالک کے وزرائے خارجہ کی ویڈیو کانفرنس کے بعد پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کانفرنس میں کورونا وائرس کے بعد معاشی بحالی سے متعلق بین الاقوامی اور علاقائی تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزرائے خارجہ نے باہمی تعاون کے ذریعہ چیلنجز پر قابو پانے کے جذبے کے تحت معاشی بحالی کو فروغ دینے کے لئے کووڈ-19 کے آغاز کے بعد سے اِن ممالک کی طرف سے ٹھوس اور نتیجہ خیز کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزرائے خارجہ نے نشاندہی کی کہ کووڈ-19 انسانیت کا مشترکہ دشمن ہے اور اِن تمام ممالک کو وبا پر حتمی فتح حاصل کرنے کیلئے مکمل یکجہتی اور تعاون کرنا چاہئے۔ انہوں نے  کووڈ 19 کے خلاف عالمی تعاون میں ڈبلیو ایچ او کے بھر پور کردار کے لئے اپنی حمایت کا اعادہ کیا اور تسلیم کیا کہ وائرس کے منبع کا پتہ لگانا سائنس اور عالمی مشن کا کام ہے۔

وزرائے خارجہ نے اس وبائی مرض پر سیاست کرنے کی مخالفت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ شریک ممالک کوویڈ 19 سے نمٹنے کے لئے تعاون کو مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے عالمی معیشت پر کووڈ 19 کے سنگین اثرات اور تمام ممالک کی پائیدار ترقی کیلئے اس کے پیچیدہ مضمرات کو بھی تسلیم کیا۔

انہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت تعاون کو فروغ دینے، وبائی بیماریوں سے بچائو اور ہموار تجارت کیلئے اپنی سرحدیں کھولنے، صنعتی ترقی کو مستحکم کرنے اور معاشی بحالی اور عوام کی زندگی میں بہتری لانے کیلئے مل جل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

چین نے کوویڈ 19 کے اثرات کے باعث اقتصادی تنزلی پر قابو پانے کیلئے شریک ممالک کو بھرپور تعاون کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی، وزرائے خارجہ نے انتہائی پسماندہ طبقوں کے تحفظ کیلئے غربت میں کمی، فوڈ سیکیورٹی اور دیگر غیر روایتی شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزرائے خارجہ نے بھارت میں کووڈ 19 کی صورت حال پر قریبی نظر رکھنے پر اتفاق کیا اور بھارت کے ساتھ مشاورت سے متعلقہ چینلز کے ذریعہ مطلوبہ مدد فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here