جنوبی کوریا کا پاکستان میں انفارمیشن ایکسیس سنٹر کے قیام کا عندیہ

آئی ٹی کے میدان میں تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، کوریا سمارٹ فونز مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ میں پاکستان کی مدد کرے: وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام سید امین الحق

819
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے پاکستان میں کوریا کے سفیر سو سنگپیو ملاقات کر رہے ہیں (پی آئی ڈی)

اسلام آباد: جنوبی کوریا نے پاکستان میں انفارمیشن ایکسیس سینٹر کے قیام کا عندیہ دیا ہے جبکہ پاکستان نے سمارٹ فون مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ کیلئے کورین کمپنیوں کی مدد طلب کی ہے۔

گزشتہ روز پاکستان میں جنوبی کوریا کے سفیر سوو سنگپیو (Suh Sangpyo) نے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے معاملات اور آئی ٹی و ٹیلی کام کے شعبوں میں دونوں ممالک کے مابین تعاون کے حوالے سے گفتگو ہوئی اور فریقین نے آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیے:

زرعی یونیورسٹی میں پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر قائم کرنے کی منظوری

8 ماہ میں پاکستان کو آئی ٹی برآمدات سے ایک ارب 29 کروڑ ڈالر سے زائد زرمبادلہ حاصل

وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ پاکستان کوریا کے ساتھ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور آئی ٹی کے میدان میں کوریا کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، کوریا سمارٹ فونز مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ میں پاکستان کی مدد کرے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کیلئے دور رَس اقدامات کر رہی ہے اور پاکستان کا آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا ہے، ملک بھر بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ٹیلی کام کی بہترین سروسز کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں۔

سید امین الحق نے کہا کہ مالی سال 2019-20ء کے مقابلہ میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے 9 مہینوں میں 43.59 فیصد اضافہ ہوا ہے، آئی ٹی انڈسٹری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار ہے، کوریا کی آئی ٹی و ٹیلی کام کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، دونوں ملکوں کے مابین آئی ٹی پروفیشنلز اور اسٹارٹ اپس کا تبادلہ بہت اہم ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کوریا کے سفیر نے کہا ان کا ملک پاکستان میں انفارمیشن ایکسیس سنٹر قائم کرنا چاہتا ہے، وزارت آئی ٹی کے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی ترقی کے لیئے اقدام قابل تحسین ہیں۔ ملاقات میں وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here