ڈریپ نے اٹامک انرجی کمیشن کے تیار کردہ وینٹی لیٹر کی منظوری دے دی

517

اسلام آباد: پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) نے قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے ملکی وسائل سے تیار کردہ پہلا وینٹی لیٹر آئی لیو (i-Live) متعارف کرا دیا ہے۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے تیار کردہ وینٹی لیٹر کے استعمال اور مزید تیاری کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔

بدھ کو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ یہ وینٹی لیٹر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے مقامی وسائل کی مدد سے تمام تر مروجہ طبی معیارات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا ہے۔ اس سلسلہ میں اٹامک انرجی کمیشن کے ہسپتالوں کے ڈاکٹرز نے بھی قابل قدر رہنمائی فراہم کی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سائنسی جانچ پڑتال کے علاوہ یہ وینٹی لیٹر پاکستان انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی سنٹر (پی آئی ٹی سی) اور پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) کے معیارات پر بھی پورا اترا ہے۔

اس وینٹی لیٹر کی جناح ہسپتال لاہور میں بھی جانچ کی گئی جس کے بعد ڈاکٹرز، بائیو ٹیکنالوجی اور بائیو میڈیکل انجینئرز نے وینٹی لیٹر کو کامیاب قرار دیا ہے۔

پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے ترجمان شاہد ریاض خان نے بتایا کہ ڈریپ نے وینٹی لیٹرکے استعمال اور تیاری کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے اور اس طرح یہ ملک میں تیار کردہ پہلا وینٹی لیٹر ہے جسے ڈریپ نے منظور کیا ہے۔

اس موقع پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے سربراہ محمد نعیم نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ ڈریپ کی اس منظوری کے بعد آئی لیو وینٹی لیٹر کی بڑے پیمانے پر تیاری شروع کر دی جائے گی تاکہ کورونا وائرس کی وبا کے دنوں میں مریضوں کو جلد از جلد یہ سہولت مہیا کی جا سکے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here