اسلام آباد: گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود مالی سال 2021ء کی پہلی سہ ماہی (جنوری تا مارچ) کے دوران پاک سوزوکی موٹر کمپنی کا خسارہ منافع میں بدل گیا۔
گزشتہ مالی سال میں کووڈ-19 کے باعث لاک ڈاﺅن اور صنعتی پیداوار رکنے کی وجہ سے پاک سوزوکی موٹر کمپنی کو خسارہ کا سامنا تھا تاہم رواں سال سیلز میں اضافہ کے نتیجہ میں پاک کمپنی کو منافع ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
پاکستان میں کاریں بنانے والی تین بڑی کمپنیوں نے 8 سالوں میں کتنا ٹیکس دیا؟
آٹو سیکٹر میں تیزی، 9 ماہ میں 14 لاکھ سے زائد موٹرسائیکل، ایک لاکھ سے زائد کاریں فروخت
کمپنی کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے مالیاتی نتائج کے مطابق 31 مارچ 2021ء کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں پاک سوزوکی کو 77 کروڑ 78 لاکھ روپے منافع حاصل ہوا ہے جبکہ جنوری تا مارچ 2020ء کے لئے 94 کروڑ 11 لاکھ روپے خسارہ کا سامنا تھا۔
پہلی سہ ماہی کے دوران کمپنی کی مجموعی آمدن 103 فیصد کے اضافے سے 36.09 ارب روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران کمپنی کو 17.74 ارب روپے آمدن ہوئی تھی۔
اس طرح سال 2020ء کی پہلی سہ ماہی میں 11.44 فی حصص خسارہ کے مقابلہ میں رواں سال 2021ء کی پہلی سہ ماہی میں پاک سوزوکی موٹر کمپنی کی فی حصص آمدن 9.45 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔