کراچی: غیرمنافع بخش سماجی فلاح و بہبود کی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن نے بھارت میں کورونا وائرس کی حالیہ لہر کے خلاف اپنی خدمات کی پیشکش کر دی۔
رپورٹس کے مطابق سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو ایک خط کے ذریعے انسانی ہمدری کی بنیاد پر مدد کی پیشکش کی ہے۔
فیصل ایدھی نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کی پیشکش کرتے ہوئے خط میں لکھا کہ “پاکستان کی ایدھی فاؤنڈیشن بھارت کو ملک میں کورونا وائرس کی تازہ ترین لہر کے خلاف مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے”۔
رپورٹس کے مطابق بھارت میں ایک روز میں دنیا کے سب سے زیادہ 330000 نئے کورونا وائرس کیسز سامنے آئے ہیں کورونا وائرس کے علاوہ بھارت کو حادثات اور دیگر مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے نظامِ صحت پر شدید مشکلات درپیش ہیں۔
بھارت کی وزارتِ صحت نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث 2263 اموات ریکارڈ کی گئیں جبکہ نئی دہلی سمیت شمالی اور مغربی بھارت کے حکام نے زیادہ تر ہسپتالوں میں مریضوں کا رش ہونے سے جگہ نہ ہونے اور آکسیجن ختم ہونے کی سنگین صورتحال سے متعلق خبردار بھی کیا ہے۔
نئی دہلی نے 26 ہزار سے زائد نئے کیسز اور 306 اموات رپورٹ کیں وبا کے 2019 کے اختتام پر سامنے آنے سے یہ سب سے زیادہ شرح اموات ہے یعنی ہر پانچ منٹ میں ایک موت واقع ہو رہی ہے۔
میڈیکل آکسیجن اور بیڈز کی قلت ہونا شروع ہو گئی ہے زیادہ تر ہسپتالوں نے مزید کسی مریض کے لیے جگہ نہ ہونے کے نوٹسز چسپاں کرنا شروع کر دیے ہیں اور آکسیجن کی محفوظ سپلائی کرنے کے لیے پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔