1263 میگاواٹ کے تریموں پاور پلانٹ کے قیام کیلئے مالی معاملات طے پا گئے

نجی شعبہ 115 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گا، منصوبے کے تعمیراتی مرحلے میں 3 ہزار جبکہ آپریشنل ہونے کے بعد 2 ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے

618
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ

اسلام آباد: پنجاب میں 1263 میگاواٹ کے تریموں پاور پلانٹ کے قیام کیلئے مالی معاملات پایہ تکمیل تک پہنچ گئے۔ یہ منصوبہ آر ایل این جی سے بجلی کی پیداوار کا سب سے بڑا منصوبہ ہو گا۔

اس سلسلہ میں جمعہ کو منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے شرکت کی، مالیاتی امور سے متعلق دستاویزات پر منیجنگ ڈائریکٹر پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ شاہ جہان مرزا اور پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ (پی ٹی پی ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اختر حسین میو نے دستخط کئے۔

یہ منصوبہ صوبائی حکومت کی کمپنی پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ (پی ٹی پی ایل) مکمل کرے گی اور یہ آر ایل این جی کا دوسرا منصوبہ ہے جو حکومت پنجاب اپنے وسائل سے مکمل کرے گی۔  اس سے قبل بھکی میں آر ایل این جی سے چلنے والا پاور پلانٹ موجود ہے جس سے گزشتہ سال 9.3 ارب یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔

یہ بھی پڑھیے:

پنجاب میں آبیانہ کا 100 سالہ نظام ختم، ای بلنگ سسٹم متعارف

پنجاب میں مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کیلئے ایک کھرب 52 روپے فنڈز کی منظوری

تریموں پاور پلانٹ کے لئے 75 فیصد فنڈ مقامی بینکوں سے قرض کی مد میں لئے جائیں گے، ان بینکوں میں نیشنل بینک، پنجاب بینک، یونائیٹڈ بینک اور حبیب بینک شامل ہیں۔

کووڈ۔19 کی وجہ سے مالیاتی معاملات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں تاخیر کے باوجود کمپنی نے اپنے سرمائے سے پلانٹ کی تعمیر کا آغاز پہلے ہی کر دیا ہے اور 80 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے۔

اکتوبر 2021ء تک یہ منصوبہ فعال ہو جائے گا جبکہ اگلے سال جون تک منصوبے سے کمبائینڈ سائیکل موڈ کے مطابق بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ اس منصوبے کے تعمیراتی مرحلے کے دوران تین ہزار اور آپریشنل ہونے کے بعد دو ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب سے مختصر خطاب میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ تریموں کے نزدیک آر ایل این جی پاور پلانٹ سے فیصل آباد اور گردونواح میں بجلی کی وولٹیج اور ترسیل کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور ملک میں سستی بجلی کا اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کے معاملات نہایت پیچیدہ ہیں اور حکومت سستی بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر پنجاب کے وزیر توانائی پنجاب اختر ملک نے کہا کہ نجی شعبہ اس منصوبے میں 115 ارب روپے کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here