اسلام آباد: سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کنورٹ ایبل ڈیٹ سیکورٹیز کے اجراء پر گائیڈ نوٹ جاری کر دیا۔
ایس ای سی پی نے کپیٹل مارکیٹ میں سرمائے کی تشکیل کو فروغ دینے اور سرمایہ کاروں سے کنورٹ ایبل ڈیٹ سکیورٹیز میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع اور طریق کار سے متعلق آگہی کے لئے گائیڈ نوٹ جاری کیا ہے جو ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے۔
ایس ای سی پی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق کنورٹ ایبل ڈیٹ سکیورٹیز فنانشل سیکٹر کا ایک ہائیبرڈ انسٹرومنٹ ہے جس میں ڈیٹ اور سکیورٹیز دونوں کے فوائد موجود ہوتے ہیں۔ کنورٹ ایبل ڈیٹ سکیورٹیز سے شروع میں سکیورٹی سے انٹرسٹ کی مد میں فکسڈ انکم حاصل کی جاتی ہے اور کچھ مدت کے بعد اسے ایکویٹی حصص میں تبدیل کر دیا جاتا ہے۔
ڈیٹ سکیورٹیز کو انسٹرومنٹ کی کل مدت کے دوران مختلف متعین اوقات میں سرمایہ کار کی خواہش پر حصص میں بھی تبدیل کروایا جا سکتا ہے۔ تاہم کنورٹ ایبل ڈیٹ سکیورٹیز میں حصص میں تبدیل کرنے کی سہولت کی وجہ سے عموماََ فکسڈ انکم کے روایتی انسٹرومنٹ کے مقابلہ میں کم منافع حاصل ہوتا ہے لیکن انسٹرومنٹ کو حصص میں تبدیل کر کے رسک کے ساتھ ساتھ منافع بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔
دنیا بھر میں کنورٹ ایبل ڈیٹ سکیورٹیز کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے کیونکہ اس کا اجراء کم قیمت ہوتا ہے اور سرمایہ کار حالات کے مطابق اپنی سرمایہ کاری کو ایڈجسٹ کر سکتا ہے۔ سال 2020ء کے پہلے چھ ماہ میں دنیا بھر میں 92 ارب ڈالر کی کنورٹ ایبل سکیورٹیز جاری کی گئیں تاہم پاکستان میں ابھی تک پبلک لسٹڈ کمپنیوں کی جانب سے کنورٹ ایبل سکیورٹیز کا اجراء نہیں کیا گیا، صرف بینکوں کی جانب سے ہی کنورٹ ایبل ڈیٹ سکیورٹیز جاری ہوئی ہیں۔
ایس ای سی پی کی جانب سے جاری اس گائیڈ نوٹ کا مقصد لسٹڈ کمپنیوں کو کنورٹ ایبل سکیورٹیز کے آسان اجراء کے بارے آگہی فراہم کرنا اور سرمایہ کاروں کو بھی اس کے فوائد سے آگاہ کرنا ہے۔