پنجاب میں مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کیلئے ایک کھرب 52 روپے فنڈز کی منظوری

سیالکوٹ میں یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے قیام کیلئے 16 ارب 94 کروڑ سے زائد فنڈز کی منظوری دے دی گئی

532

لاہور: پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ (پی اینڈ ڈی) نے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 34ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی دس ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر ایک کھرب 52 ارب 20 کروڑ 82 لاکھ 39 ہزار روپے کی منظوری دی ہے۔

اس حوالے سے اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبد اللہ خان سنبل نے کی، صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے سب سے پہلے سیالکوٹ میں یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے قیام کیلئے 16 ارب 94 کروڑ 94 لاکھ 70 ہزار روپے فنڈز کی منظوری دی گئی۔

بورڈ کی جانب سے ڈیرہ غازی خان میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال میں اَپ گریڈ کرنے اور سہولیات کی فراہمی کیلئے پانچ ارب 45 کروڑ 28 لاکھ 26 ہزار روپے، فیصل آباد ستیانہ روڈ بائی پاس سے تاندلیانوالہ تک (فیز وَن لمبائی 20.61  کلومیٹر) سڑک کی بحالی کیلئے 50 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔

اسی طرح فیصل آباد میں میونسپل کارپوریشن کی حدود سے لے کر رنگ روڈ فیصل آباد تک سڑکوں (کل لمبائی 22.67 کلومیٹر) کی بحالی کیلئے ایک ارب 11 کروڑ 50 لاکھ 89 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔ اس میں فیصل آباد جڑانوالہ روڈ (لمبائی 3.62 کلومیٹر)، فیصل آباد ستیانہ روڈ (لمبائی 7.54 کلومیٹر)، فیصل آباد جھنگ روڈ (لمبائی 7.10 کلومیٹر) اور فیصل آباد سمندری روڈ (لمبائی 3.36 کلومیٹر) کی بہتری و بحالی شامل ہے۔

ترقیاتی بورڈ کی جانب سے ہائی ویلیو زراعت کو فروغ دینے کے منصوبہ کیلئے 13 ارب 51 کروڑ 55 لاکھ روپے اور کاشت کاری کے جدید طریقوں کو فروغ دینے کے ذریعے پائیدار پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیلئے تین ارب 82 کروڑ 26 لاکھ 55 ہزار روپے، ریسورس کنزرویشن ٹیکنالوجیز کے ذریعہ پانی کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیلئے 27 ارب 49 کروڑ 38 لاکھ 52 ہزار روپے کے فنڈز منظور کیے گئے ہیں۔

ضلع جہلم میں للہ انٹرچینج (ایم 2) برآستہ پنڈ دادنخان (کل لمبائی 128 کلومیٹر) روڈ کو دو رویہ کرنے کیلئے 13 ارب 94 کروڑ 79 لاکھ 3 ہزار روپے اور ڈیرہ غازی خان میں کھرر بزدار تا بیواٹا سڑک (کل لمبائی 38 کلومیٹر) کی تعمیر کیلئے ایک ارب 95 کروڑ 19 لاکھ 45 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔

پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کی جانب سے مذکورہ سکیموں کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں شمولیت کیلئے وفاقی حکومت کو بھجوایا جائے گا۔ اجلاس میں متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلیٰ افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران سمیت سینئر چیف کوآرڈی نیشن، اسسٹنٹ چیف کوآرڈینیشن نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here