اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ملک میں اشیائے ضروریہ کے حوالے سے بروقت فیصلہ سازی کو یقینی بنانے اور طلب و رسد کا ریکارڈ رکھنے کیلئے مرکزی ڈیٹا بیس کے قیام کی منظوری دے دی۔
مرکزی ڈیٹا بیس (Centralized Database) کے قیام کی منظوری وفاقی وزارت خوراک کی تجویز پر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ خوراک نے وفاقی کابینہ کو ڈیٹابیس کے قیام کیلئے کی منظوری دینے کی سمری بھیجی تھی، وزارت خوراک کا کہنا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی پیداوار، طلب و رسد اور قیمتوں کے تعین کیلئے وفاق کی سطح پر ایک ڈیٹابیس کے ساتھ ڈیش بورڈ کا قیام بھی نہایت ضروری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شہریوں کو اشیائے ضروریہ کی بغیر رکاوٹ فراہمی یقینی بنانے اور بحران، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری ختم کرنے اور بروقت فیصلہ سازی اس ڈیٹا بیس کے قیام کے بنیادی محرکات ہیں۔ اس کے ساتھ خوراک کی ضروری مقدار میں فراہمی، غذائی قلت کو ختم کرنا اور ضروری اجناس کی بین الصوبائی نقل و حمل کو یقینی بنانا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
یہ واضح رہے کہ وزارت خوراک نے اس بات پر زور دیا ہے کہ وفاق اور صوبائی حکومتوں کے مابین ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے ضروری ہے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ درست اعدادوشمار کا تبادلہ کریں۔
وزارت نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ایک ایسا قانونی فریم ورک دستیاب نہیں جس کی مدد سے وفاق، صوبے اور مختلف ادارے آپس میں منسلک ہو جائیں اور جس کے تحت ملک میں خوراک کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور ضروری اعدادوشمار کا ریکارڈ رکھا جا سکے تاکہ بوقت ضرورت ان کا تبادلہ ہو سکے۔