انشورنس محتسب کی جانب سے پالیسی ہولڈرز کو دو ارب 13 کروڑ روپے کا ریلیف فراہم

سال 2019ء میں دو ہزار 441، سال 2020ء میں تین ہزار 107 شکایات موصول ہوئیں، دو ہزار 183 شکایات کا ازالہ کیا گیا: وفاقی انشورنس محتسب نے صدر مملکت کو رپورٹ پیش کر دی

171

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ہدایت پر سال 2020ء کے دوران متاثرہ انشورنس پالیسی ہولڈرز کو دو ارب 13 کروڑ روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز ایوان صدر کے پریس وِنگ سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر عارف علوی سے وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاور جمیل نے ملاقات کی۔

وفاقی انشورنس محتسب نے سال 2020ء کی رپورٹ صدر مملکت کو پیش کی، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صدر ِپاکستان کی ہدایت کے مطابق سال 2020ء کے دوران متاثرہ انشورنس پالیسی ہولڈرز کو 2.13 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سال 2020ء میں تین ہزار 107 جبکہ سال 2019ء میں دو ہزار 441 شکایات موصول ہوئیں، وبا کے باوجود سال 2020ء میں دو ہزار 183 شکایات کا ازالہ کیا گیا۔

اس موقع پر صدر مملکت نے ہدایت کی کہ وفاقی محتسب انشورنس پالیسی ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ  اور انشورنس انڈسٹری کی بد انتظامی کے خلاف فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ انشورنس کمپنیوں کی بد انتظامی کے خلاف انصاف کی فراہمی کیلئے ادارے کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے۔ صدر مملکت نے مئی کے پہلے ہفتے کوئٹہ میں ریجنل دفتر کا افتتاح کی درخواست بھی منظور کر لی، صدر مملکت نے وفاقی انشورنش محتسب کو فرائض کی ادائیگی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here