لاہور: مارچ 2021 میں ملک سے برآمد کی گئی اشیائے خورونوش کی تجارتی قدر 478.6 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی جو مارچ 2020 میں ریکارڈ کی گئی 362.5 ملین ڈالر کے مقابلے میں سالانہ 32 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ سال مارچ میں کورونا وائرس کی وجہ سے طلب متاثر ہوئی تھی۔ ماہانہ اعتبار سے خوراک کی برآمدات کا مجموعی بل گزشتہ ماہ کے 410.7 ملین ڈالر سے 16.5 فیصد بڑھا۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2021 کے جولائی تا مارچ کے دوران فوڈ گروپ نے مجموعی برآمدات میں 17.8 فیصد حصہ ڈالا جو مجموعی طور پر 3.33 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں مذکورہ برآمدات میں سالانہ 1.84 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
مصنوعات کے اعتبار سے غیرملکی زرِمبادلہ کمانے کا بنیادی ذریعہ چاول کی برآمدات رہی کیونکہ اس کی برآمدات ماہانہ 23.42 فیصد اضافے سے 222.4 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ باسمتی چاول کی برآمدات میں ماہانہ 73.08 فیصد کا بڑا اضافہ دیکھا گیا۔
اسی طرح مچھلی اور مچھلی کی تیاریوں کی برآمدات 52.4 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جس میں ماہانہ 70.14 فیصد اور سالانہ 35.53 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ گوشت اور گوشت کی تیاری کی برآمدات میں بھی ماہانہ لحاظ سے 27.14 فیصد اضافہ ہوا۔
دوسری طرف ماہانہ لحاظ سے پھلوں کی برآمدات 27.24 فیصد گراوٹ کا شکار ہوئی جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران پھلوں کی برآمدات میں 16.85 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
درآمدات کے حوالے سے فوڈ گروپ کے مجموعی درآمدی بل میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد صارفین کی طلب میں دوبارہ سے اضافے سے سالانہ 91 فیصد اضافہ ہوا جو 776.5ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں فوڈ گروپ کی شرح نمو میں ماہانہ لحاظ سے 10.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پی بی ایس کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران فوڈ گروپ کا مجموعی درآمدی بل 15.5 فیصد زائد رہا اور سالانہ لحاظ سے 54.45 فیصد اضافے سے 6.12 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
اعدادوشمار میں مزید انکشاف کیا گیا کہ پام آئل کی درآمدات میں ماہانہ لحاظ سے 26.6 فیصد کی شرح نمو ریکارڈ کی گئی مارچ 2021 کے دوران اس کی قدر 275 ملین ڈالر رہی۔ گندم کی درآمدات ماہانہ 44.42 فیصد کمی سے 67.4 ملین ڈالر جبکہ سالانہ اعتبار سے گندم کے درآمدی بل میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 100 فیصد اضافہ ہوا۔