پاکستان نے اقوام متحدہ کے تین اہم اداروں کی رکنیت حاصل کر لی

649

اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ کے تین اہم اداروں کی رکنیت حاصل کر لی ہے جن کی ذمہ داریاں پاکستان آئندہ سال کے آغاز میں سنبھالے گا۔

بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والے انتخابات میں پاکستان نے اقوام متحدہ کے تین اہم اداروں کمیشن آن کرائم پریونشن اینڈ کریمنل جسٹس (سی سی پی سی جے)، کمیشن آن سٹیٹس آف ویمن (سی ایس ڈبلیو) اور کمیشن آن پاپولیشن اینڈ ڈویلپمنٹ (سی پی ڈی) کی رکنیت حاصل کر لی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے مذکورہ کمیشن مختلف معاشرتی اور معاشی امور پر بین الاقوامی تعاون بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ انتخابات اقوام متحدہ کے 54 رکنی پرنسپل آرگنائزیشن اقتصادی و سماجی کونسل (ای سی او ایس او سی) میں منعقد ہوئے۔

کمیشن آن کرائم پریونشن اینڈ کریمنل جسٹس اور کمیشن آن پاپولیشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے لئے پاکستان کا انتخاب اقتصادی و سماجی کونسل کے تمام ارکان کی جانب سے اتفاق رائے سے عمل میں لایا گیا جبکہ کمیشن آن سٹیٹس آف ویمن کے انتخاب کے لئے پاکستان نے 50 ووٹ حاصل کیے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان ان تینوں کمیشنز کی رکنیت یکم جنوری 2022ء سے سنبھالے گا اور پاکستان کا بیک وقت ان تینوں اہم کمیشنز کا انتخاب اقوام متحدہ میں پاکستان کے فعال کردار اور تعمیری شراکت پر عالمی برادری کے اعتماد کا عکاس ہے۔

ان کمشنوں کی رکنیت کے ذریعے پاکستان بین الاقوامی سطح پر منظم جرائم کا مقابلہ کرنے اور کریمنل جسٹس سے متعلق نظام کو منصفانہ بنانے، صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے اور آبادی کے اعدادوشمار اور معلومات کی تیاری اور تجزیہ کرنے میں ملکوں کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کا ذمہ دار ہو گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here