برطانیہ کا ڈیجیٹل کرنسی برِٹ کوائن متعارف کرانے پر غور

931

لندن: برطانوی وزیر خزانہ رشی سونک نے کہا ہے کہ وہ ایک نئی ڈیجیٹل کرنسی بنانے پر غور کر رہے ہیں جس کا نام برِٹ کوائن (BritCoin) رکھا جائے گا، اس حوالے سے بینک آف انگلینڈ کا تعاون بھی حاصل ہو گا۔

برطانوی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عام طور پر ہارڈ کرنسی کا استعمال کم ہو رہا ہے جبکہ کورونا وبا کی وجہ سے نوٹوں کا استعمال مزید کم ہو کر رہ گیا ہے۔

ادھربینک آف انگلینڈ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر یہ کرنسی بنائی گئی تو اس کو منظور کر لیا جائے گا۔ یہ ڈیجیٹل کرنسی خریداری اور کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کی جا سکے گی۔

تاہم یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ برطانوی پائونڈ کے نوٹ بھی موجود رہیں گے اور یہ کرنسی نوٹ معمول کی طرح مستقبل میں بھی گردش میں رہیں گے۔

برطانوی وزیر خزانہ رِشی سونک کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے جو برطانیہ کو فنانشل ٹیکنالوجی سیکٹر میں مدد فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ چین نے بھی اپنی ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرانے کا عندیہ دیا تھا، چین اور برطانیہ کے علاوہ بھارت سمیت کئی دیگر ممالک ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرانے پر کام کر رہے ہیں۔

رواں ماہ سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر رضا باقر نے کہا تھا کہ  وہ پاکستان میں ڈیجیٹل کرنسی شروع کرنے کی آپشن کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

رضا باقر کا کہنا تھا سٹیٹ بینک کی جانب سے ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرانے سے ہمیں دوہرا فائدہ ہو گا۔ پہلا یہ کہ اس سے پاکستان کی مالی شمولیت کی کوششوں کو مزید فروغ ملے گا، دوسرا فائدہ یہ ہو گا کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری ہونے کی وجہ سے ڈیجیٹل کرنسی کی نگرانی آسان ہو گی تاکہ یہ منی لانڈرنگ یا دہشت گردی کی معاونت میں استعمال نہ ہو سکے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here