لاہور: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان کے ذمے واجب الادا دو ارب ڈالر قرض واپسی کی مدت میں ایک بار پھر توسیع کر دی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کو ابوظہبی فنڈ سے ملنے والے دو ارب ڈالر امدادی قرض کی ادائیگی پاکستان کو 19 اپریل 2021ء تک کرنا تھی۔
حالیہ پیشرفت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران سامنے آئی، انہوں نے اپنے اماراتی ہم منصب سے گزشتہ شام ملاقات کی تھی۔
منگل کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے یو اے ای کی وزارتِ خارجہ آمد پر اپنے پاکستانی ہم منصب کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، کثیرالجہتی شعبہ جات میں تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے:
پاکستان قرضوں کے جال سے نکلنے میں ناکام کیوں؟
پاکستان کو آئی ایم ایف سے 50 کروڑ ڈالر قرض کی قسط موصول
دونوں وزرائے خارجہ کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، توانائی، ٹیکنالوجی، سیاحت اور افرادی قوت سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دبئی ایکسپو 2020ء میں پاکستانی پویلین کے قیام میں یو اے ای حکومت کی بھرپور معاونت پر شکریہ ادا کیا جبکہ اماراتی وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصب کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے ابوظہبی فنڈ سے پاکستان کو دیے گئے قرض کی واپسی کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر خارجہ نے اس خیر سگالی پر اماراتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئےاسے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دبئی ایکسپو 2020ء میں بھرپور شرکت کرے گا اور اس کے ذریعے دنیا کی توجہ پاکستان کی تاریخ، جغرافیائی اہمیت، تہذیب و تمدن، کاروباری مواقع اور سیاحت کی جانب مبذول کروائے گا۔
وزیر خارجہ نے وبا کے دوران یو اے ای میں مقیم پاکستانی برادری کی معاونت کرنے اور پاکستانی کارکنوں کا خصوصی خیال رکھنے پر اماراتی وزیر خارجہ اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اماراتی ہم منصب کو ویزہ کے حصول میں مشکلات سمیت پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں جلد حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے عالمی فورمز پر دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے اماراتی ہم منصب کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریے کے ساتھ قبول کر لیا۔