9 ماہ میں جرمنی سے 31 کروڑ ڈالر سے زائد ترسیلات زر موصول

296

اسلام آباد: جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں کی جانب سے ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے لیکر مارچ 2021ء تک کی مدت میں جرمنی میں مقیم پاکستانیوں نے 31 کروڑ ایک لاکھ ڈالر ڈالر کی ترسیلات ارسال کیں۔

یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی 9 ماہ کے مقابلہ میں 9 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال جولائی تا مارچ کے دوران جرمنی میں مقیم پاکستانیوں نے 28 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: 

9 ماہ میں امریکا سے ترسیلات زر میں 52 فیصد، برطانیہ سے 62 فیصد اضافہ ریکارڈ

9 ماہ میں متحدہ عرب امارات سے چار ارب 52 کروڑ ڈالر سے زائد ترسیلات زر موصول

کورونا وبا کے باوجود 9 ماہ میں پاکستان کی ترسیلات زر 21.5 ارب ڈالر ریکارڈ

سالانہ اعتبار سے دیکھا جائے تو مارچ 2021ء میں جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے تین کروڑ 72 لاکھ ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو مارچ 2021ء کے دو کروڑ 85 لاکھ ڈالر کے مقابلہ میں 30.52 فیصد زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے قانونی اور بینکنگ ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کے نتیجہ میں جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 26.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جولائی 2020ء سے لے کر مارچ 2021ء کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 21.5 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 26.2 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 17 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر مارچ 2021ء تک کی مدت میں سعودی عرب ترسیلات زر کے حوالہ سے سب سے بڑا ملک ثابت ہوا، سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے اس عرصہ میں 5.731 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 20 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے 4.775 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

 یواے ای اس فہرست میں دوسرا بڑا ملک ثابت ہوا، یواے ای میں مقیم پاکستانیوں نے جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں 4.526 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں نے 4.219 ارب ڈالر بھیجے تھے۔ برطانیہ اور امریکا اس فہرست میں بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here