کراچی: مارچ 2021ء کے دوران قومی درآمدات پانچ ارب 66 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو تین سال کی بلند ترین سطح ہے۔
مارچ 2021ء میں سالانہ بنیادوں پر درآمدات میں 71 فیصد اضافہ ہوا اور پانچ ارب 66 کروڑ کی مصنوعات بیرون ملک سے درآمد کی گئیں جبکہ مارچ 2020ء کے دوران تین ارب 30 کروڑ ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔
درآمدات بڑھنے سے تجارتی خسارے میں بھی اضافہ ہوا جس کا اثر درآمدات اور غیرملکی قرضوں کی ادائیگی کی صلاحیت پر پڑے گا۔
کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر پاکستان میں اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے اور درآمدات میں اضافہ ہوا ہے، اس لیے مارچ 2021ء کے دوران گندم، چینی، تیل و گیس، کھاد اور کیڑے مار ادویات، گاڑیاں ، موبائل فون، مشینری اور صنعتی آلات درآمد کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیے:
پاکستان کا تجارتی خسارہ 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا
مارچ 2021 میں قومی برآمدات 10 سالوں کے بعد سب سے زیادہ ریکارڈ
ایک رپورٹ میں عارف حبیب لمیٹد کے ریسرچ اینالسٹ طاہر عباس نے کہا کہ تجارت کے تازہ ترین اعدادوشمار سے نہیں لگتا کہ پاکستان کی معیشت میں تیزی آئی ہے تاہم اچھی بات یہ ہے کہ مارچ میں درآمدات بڑھنے کے ساتھ برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کی ایک رپورٹ کے مطابق مارچ 2021ء میں پاکستان کی برآمدات کا حجم دو ارب 36 کروڑ ڈالر رہا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوان ایک ارب 81 کروڑ تھا۔
لیکن پریشان کن بات یہ ہے کہ برآمدات کا حجم درآمدات کے مقابلے میں معمولی ہے، صحیح معنوں میں برآمدات درآمدات کے پانچویں حصہ کے برابر ہیں، اس لیے تجارت میں توازن پیدا کرنے کے لیے برآمدات میں اضافہ ضروری ہے۔
پی بی ایس کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں مارچ 2021ء میں فوڈ گروپ کی درآمدات 91 فیصد اضافے سے 77 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں اور مذکورہ مہینے کے دوران گندم اور چینی کی درآمدات بالترتیب گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں 100 فیصد اور 139 فیصد زیادہ رہیں۔
مارچ 2021ء کے دوران پیٹرولیم گروپ کی درآمدات 66 فیصد اضافے سے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر رہیں جن میں پٹرولیم مصنوعات کی 73 فیصد اور خام تیل کی درآمدات میں 97 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اپریل 2021 میں گندم کی کٹائی کی وجہ سے تیل و گیس خاص کر پٹرول اور ڈیزل کی درآمدات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
مارچ 2021ء کے دوران مشینری کی درآمدات 72 فیصد اضافے سے ایک ارب سات کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں جن میں پاور جنریٹرز، موبائل فون، لیبارٹریز کا سامان اور ٹیکسٹائل مشینری شامل ہے۔
گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور ان کے پرزہ جات کی درآمدات میں مارچ 2021ء میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 160 فیصد سے 250 فیصد تک اضافہ ہوا، ٹرانسپورٹ گروپ کی مجموعی درآمدات 184 فیصد اضافہ سے 32 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
اسی طرح مارچ کے دوران زرعی ادویات اور دیگر کیمیکلز کی درآمدات 64 فیصد اضافے سے 90 کروڑ 70 لاکھ ریکارڈ کی گئیں جبکہ کھادوں اور کیڑے مار ادویات کی درآمدات میں بھی 136 فیصد تک اضافہ ہوا۔