9 ماہ میں امریکا سے ترسیلات زر میں 52 فیصد، برطانیہ سے 62 فیصد اضافہ ریکارڈ

جولائی 2020ء سے مارچ 2021ء کے دوران برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں میں دو ارب 90 کروڑ ڈالر، امریکا میں مقیم پاکستانی برداری نے ایک ارب 90 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر ارسال کیں: سٹیٹ بینک

959

اسلام آباد: رواں مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں 62 فیصد جبکہ امریکا سے ترسیلات زر میں 52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9 مہینوں میں جولائی تا مارچ 2020-21ء کے دوران برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے دو ارب 90 کروڑ ڈالر پاکستان بھجوائے۔

گزشتہ مالی سال میں جولائی تا مارچ 2019-20ء کے دوران برطانیہ سے ایک ارب 80 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں تھیں، اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران برطانیہ سے ترسیلات زر میں 62 فیصد یعنی ایک ارب 10 کروڑ ڈالر سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

 

گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران امریکا سے ترسیلات زر کی وصولیوں میں 52 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

کورونا وبا کے باوجود 9 ماہ میں پاکستان کی ترسیلات زر 21.5 ارب ڈالر ریکارڈ

9 ماہ میں متحدہ عرب امارات سے چار ارب 52 کروڑ ڈالر سے زائد ترسیلات زر موصول

دوسری جانب سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا مارچ 2020-21ء کے دوران امریکا میں مقیم پاکستانی برداری نے ایک ارب 90 کروڑ ڈالر پاکستان بھجوائے جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں ایک ارب 24 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی ترسیلات کی تھیں۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی نو مہینوں کے دوران امریکا سے بھجوائی جانے والی رقوم کی شرح میں 52 فیصد یعنی 65 کروڑ 60 لاکھ ڈالر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب رواں مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی 9 ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 26.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 21.5 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 26.2 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران ترسیلات زر کا حجم 17 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی سے لے کر مارچ 2021ء تک کی مدت میں سعودی عرب ترسیلات زر کے حوالہ سے سب سے بڑا ملک ثابت ہوا، سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے اس عرصہ میں پانچ ارب 73 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ملک ارسال کیے جو گزشتہ مالی سال کے چار ارب 77 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے مقابلہ میں 20 فیصد زیادہ ہیں۔

اسی طرح متحدہ عرب امارات (یواے ای) اس فہرست میں دوسرا بڑا ملک ثابت ہوا، یواے ای میں مقیم پاکستانیوں نے جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں چار ارب 52 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں نے چار ارب 21 کروڑ 90 لاکھ ڈالر بھیجے تھے۔

وفاقی وزیر خزانہ کے مطابق مارچ 2020ء کے مقابلہ میں مارچ 2021ء کے دوران سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 43 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ ماہانہ بنیاد پر فروری کے مقابلہ میں مارچ کے مہینہ میں ترسیلات زر میں 20 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here