اسلام آباد: رواں مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران نجی شعبہ میں قرضوں کا حصول 34 فیصد بڑھ گیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا مارچ 2020-21ء کے دوران نجی شعبہ کی جانب سے 444.5 ارب روپے کے قرضے حاصل کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا مارچ 2019-20ء کے دوران نجی شعبے نے 332 ارب روپے کے قرضے حاصل کئے تھے۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی نو مہینوں کے دوران نجی شعبہ کی جانب سے قرضوں کے حصول میں 34 فیصد یعنی 112.5 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ایس بی پی کی رپورٹ کے مطابق اس دوران روایتی بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 51 فیصد اضافہ ہوا اور قرضوں کی فراہمی کا حجم گزشتہ سال کے 145.6 ارب روپے کے مقابلہ میں 220 ارب روپے تک بڑھ گیا۔
اس طرح اسلامی بینکوں کی جانب سے نجی شعبہ کیلئے قرضوں کی فراہمی میں بھی 34 فیصد جبکہ روایتی بینکوں کی اسلامک بینکنگ ونڈوز کی طرف سے نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سٹیٹ بینک آف پاکستان کی ری فنانس سکیم کے تحت کاروباروں اور کمپنیوں کو 435.7 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے گئے ہیں۔ یہ سکیم 31 مارچ 2021ء کو ختم ہو گئی ہے تاہم اس سکیم کے تحت ملک بھر میں 628 کاروباروں کیلئے 435.7 ارب ر وپے کے رعایتی قرضہ جات جاری کئے گئے ہیں۔
وفاقی حکومت نے گزشتہ سال کورونا وبا کے باوجود سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالہ سے ری فنانس سکیم متعارف کرائی تھی تاکہ لوگوں کو نئے کاروبار شروع کرنے کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود کاروباروں کی توسیع کیلئے وسائل دستیاب ہو سکیں۔