نیویارک: سٹی گروپ نے 13 بین الاقوامی کنزیومر بینکنگ مارکیٹس سے نکلنے اور ریٹیل بینکنگ کو بھی محدود کرنے کا اعلان کیا ہے، البتہ گروپ اپنی توجہ ویلتھ مینجمنٹ پر مرکوز رکھے گا۔
سٹی گروپ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر جین فریزر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گروپ چین اور بھارت سمیت دیگر 11 ریٹیل مارکیٹس سے نکل جائے گا جہاں وہ کنزیومر مارکیٹ میں مسابقت برقرار نہیں رکھ پا رہے البتہ سٹی گروپ سنگاپور، ہانگ کانگ، لندن اور متحدہ عرب امارات کی مارکیٹس میں اپنا کنزیومر بینکنگ کاروبار بڑھانے پر توجہ دے گا۔

جین فریزر، جنہیں مارچ 2021ء میں سی ای او مقرر کیا گیا ہے، نے کہا کہ بینک کی بنیادی توجہ ویلتھ مینجمنٹ کی کوششوں کو دوگنا کرنے پر ہے کیونکہ شعبے میں شرح نمو کے بہتر مواقع موجود ہیں۔
سٹی بینک نے جن مارکیٹس کو خیرباد کہا ہے وہ زیادہ تر ایشیا میں ہیں، سال 2020ء کے اختتام پر سٹی گروپ نے اپنے عالمی کنزیومر بینکنگ بزنس کی 224 برانچز سے 6.5 ارب ڈالر آمدن کمائی اور اس کے ڈیپازٹس 123.9 ارب ڈالر ریکارڈ کیے گئے تھے۔
حالیہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سٹی گروپ کو 2021ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران 7.9 ارب ڈالر کا منافع حاصل ہوا ہے جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔
گروپ کے فیصلے سے متاثر ہونے والی دیگر مارکیٹس میں آسٹریلیا، بحرین، انڈونیشیا، جنوبی کوریا، ملائیشیا، فلپائن، پولینڈ، روس، تائیوان، تھائی لینڈ اور ویت نام شامل ہیں۔