سکھر: وزیراعظم عمران خان نے سندھ کے 14 اضلاع کیلئے 446 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کر دیا جس میں متعدد میگا ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے مطابق 446 ارب روپے کے میگا ترقیاتی پیکج میں سندھ کے جن کے 14 اضلاع کو شامل کیا گیا ہے ان میں بدین، حیدرآباد، لاڑکانہ، ٹنڈوالہ یار، دادو، جیکب آباد، میرپور خاص، ٹنڈو محمد خان، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، شکار پور اور سکھر شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میگا ترقیاتی منصوبوں میں سب سے بڑا منصوبہ 306 کلومیٹر سکھر حیدرآبد موٹروے ہے۔ اس منصوبہ کے لئے وزیر مواصلات مراد سعید نے ذاتی طور پر بڑی کوششیں کی ہیں۔ آئندہ ہفتے اس منصوبہ کی سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) سے منظوری لی جائے گی۔
اسد عمر نے کہا کہ سندھ میں روہڑی اور حیدرآباد سمیت کئی ریلوے سٹیشنز کو اَپ گریڈ کیا جائے گا، اس سے صوبے میں نجی سرمایہ کاری آئے گی اور مسافروں کو سہولیات ملیں گی۔
توانائی کے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ یہاں ٹرانسفارمرز کی کمی ہے، اس منصوبہ کے تحت نئے ٹرانسفارمر مہیا کئے جائیں گے۔ اس سے بجلی چوری اور خسارہ میں کمی آئے گی، لوڈشیڈنگ میں بھی کمی آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبہ میں سالانہ 30 ہزار نئے کنیکشن دیئے جائیں گے اور آئندہ تین سالوں میں 26 ارب تک محصولات میں اضافہ ہو گا، 1490 کلومیٹر انفرا اسٹرکچر کی بحالی ہو گی جس سے گیس کی بلا تعطل سپلائی ممکن ہو سکے گی۔ میگا منصوبوں میں 160 دیہات کو گیس فراہمی بھی شامل ہے جس سے پانچ ہزار سے زائد گھرانے مستفید ہوں گے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ سندھ پاکستان کا سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والا صوبہ ہے لیکن بدقسمتی سے سندھ کے کئی دیہات گیس کی سہولت سے محروم ہیں جس ضلع سے گیس نکلتی ہے اس کے پانچ کلومیٹر تک ہر گائوں کو گیس فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں نئی گاج ڈیم ایک پرانا منصوبہ ہے جس کی تعمیر کے لئے سندھ حکومت نے اپنا حصہ ڈالنے سے انکار کر دیا تھا لیکن وزیراعظم نے کہا ہے کہ اس منصوبہ کو وفاقی حکومت مکمل کرے گی جس سے 28 ہزار 800 ایکڑ رقبہ سیراب ہو گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ضلع گھوٹکی کے لئے نکاسی آب کا منصوبہ بھی شامل ہے، اس سے ضلع کا دہائیوں پرانا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ ماحولیات کی بہتری کے لئے دو لاکھ ایکڑ زمین پر درخت لگائے جائیں گے اور ہزاروں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ عاقل اگنی لوپ بند کی مضبوطی موہنجو داڑو کے تاریخی مقام کو مزید مستحکم بنانے کا سبب بنے گی۔
وزیر اعظم کے نوجوان پروگرام کے تحت ایک ہزار نوجوان بلا سود قرض حاصل کر سکیں گے جس کیلئے 4.8 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ ڈیجیٹل سکلز ٹریننگ پروگرام کے تحت 10 لاکھ چار ہزار 617 طلباء کو تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ 52 فیصد طلباء کی ہائر ایجوکیشن تک رسائی ممکن ہو گی۔ ایک لاکھ 30 ہزار نوجوانوں بشمول طالبات کو کھیلوں کی سہولیات دستیاب کی جائیں گی۔
نادرا این آر سیز کے ذریعے 50 لاکھ مقامی افراد مستفی ہوں گے، 14 پاسپورٹ دفاتر کی اَپ گریڈیشن کی جائے گی جس سے دو لاکھ افراد کو پاسپورٹ کے حصول کی سہولت میسر ہو گی۔ ہر شخص اپنے ہی ضلع میں پاسپورٹ حاصل کر سکے گا۔
ہائی سپیڈ تھری جی اور فور جی کی سہولت دی جائے گی جس سے 37 لاکھ نفوس کی آبادی مستفید ہو گی، 12 لاکھ افراد آپٹک فائبر کیبل نیٹ ورک سے فائدہ اٹھائیں گے۔ اسد عمر نے کہا کہ سندھ کا نوجوان ذہین اور انتہائی با صلاحیت ہے، انہیں اگر ہنر سکھا دیا جائے تو وہ دنیا سے مقابلہ کر سکتا ہے۔
قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قرضوں کے پہاڑ ہمارے سامنے کھڑے تھے اور حکومت کا سارا پیسہ اس مد میں خرچ ہو گیا جس کے بعد ہمارے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ عوام کی ترقی و فلاحی منصوبوں کے لئے خر چ کرتے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اندرون سندھ کے عوام کے لئے 446 ارب روپے کا پیکج بڑے مشکل حالات میں تیار کیا ہے۔ ایک ماہ میں اس پیکج پر عملدرآمد نظر آئے گا، ہماری کوشش ہے کہ نوجوانوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کریں۔