مائیکرو سافٹ 16 ارب ڈالر سے نوانس کمیونیکیشنز کی خریداری کیلئے کوشاں

796

واشنگٹن: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے کمپیوٹر سافٹ ویئر ٹیکنالوجی کمپنی نوانس کمیونیکیشنز (Nuance Communications) کی خریداری کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس ڈیل پر 16 ارب ڈالر خرچ ہوں گے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے نے سودے سے واقف ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مائیکروسافٹ 16 ارب ڈالر کے عوض نوانس کمیونیکیشنز کی خریداری کے لیے کوشاں ہے جبکہ کمپنی کے ذمے واجب الادا قرض ڈال کر یہ رقم 19 ارب ڈالر سے زائد بنتی ہے۔

نوانس کمیونیکیشنز کی خریداری کے لیے مائیکروسافٹ کی جانب سے 56 ڈالر فی حصص کی پیشکش کی گئی ہے جو کمپنی کے 9 اپریل کی شئیر پرائس سے 23 فیصد زیادہ ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اگر یہ سودا کامیاب رہا تو اس کا مجموعی حجم 19.7 ارب ڈالر ہو گا، مائیکروسافٹ نوانس کی خریداری کے آخری مراحل میں ہے صرف دوسری جانب سے منظوری کی منتظر ہے۔

یاد رہے کہ یہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے کسی دوسری کمپنی کو خریدے جانے کیلئے دوسرا بڑا سودا ہو گا، اس سے قبل یہ 2016ء میں 27 ارب ڈالر میں آن لائن بزنس و ایمپلائمنٹ کمپنی لنکڈ ان کو خرید چکی ہے جبکہ 7.6 ارب ڈالر میں گیمنگ کمپنی zenimax کو بھی خرید چکی ہے۔

یہ بھی اطلاعات ہیں کہ مائیکروسافٹ چیٹ ایپ ڈسکارڈ کو بھی 10 ارب ڈالر میں خریدنے کا ارادہ رکھتی ہے، اس سے قبل یہ خبریں آئیں تھیں کہ امریکی حکومت کی جانب سے پابندیوں کا شکار ٹک ٹاک کے امریکا میں کاروبار کو بھی مائیکروسافٹ نے خریدنے کی کوشش کی تھی اور یہ سودا 30 ارب امریکی ڈالر میں طے پانے کی توقع تھی تاہم سابق صدر ٹرمپ کے اقدامات کے باعث یہ ڈیل نہ ہو سکی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here