اسلام آباد: حکومت نے اِن لینڈ ریونیو سروس کے سینئر افسر عاصم احمد کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا نیا چیئرمین تعینات کر دیا ہے۔
وفاقی کابینہ کی جانب عاصم احمد کی بطور چیئرمین ایف بی آر تعیناتی کی منظوری کے بعد اِس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، ایک دوسرے نوٹی فکیشن کے ذریعے عاصم احمد کو ریونیو ڈویژن سیکریٹریٹ کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے چئیرمین ایف بی آر عاصم احمد ناصرف وزیراعظم عمران خان کے سیکریٹری اعظم خان کے بیچ میٹ ہیں بلکہ معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود کے بھی قریب سمجھے جاتے ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود نے نئے چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد کے ساتھ جمعرات کی شام کو ملاقات بھی کی تھی۔
ذرائع کے مطابق اِن لینڈ ریونیو سروس اور پاکستان کسٹمز کے گریڈ 21 اور گریڈ 22 کے کم از کم دو درجن سے زائد افسران عاصم احمد سے سینئر ہیں جنہیں چھوڑ کر عاصم احمد کو سول سرونٹس ایکٹ 1973ء کے سیکشن 10 کے تحت چیئرمین ایف بی آر تعینات کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کے آئی ٹی ممبر آپریشنز ڈاکٹر اشفاق احمد بھی چیئرمین ایف بی آر کے عہدے کیلئے موزوں تھے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود کے ساتھ مبینہ اختلافات کے باعث انہیں تعینات نہیں کیا گیا۔
علاوہ ازیں ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں بورڈ ان کونسل کے اجلاس میں ریٹائرڈ ہونے والے چیئرمین ایف بی آر محمد جاوید غنی کی خدمات کو سراہا گیا، اجلاس میں معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود نے بھی شرکت کی۔
ممبران ایف بی آر نے محمد جاوید غنی کو یادگاری شیلڈ پیش کی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ معاون خصوصی برائے ریونیو نے جاوید غنی کی بطور چئیرمین کارکردگی کو سراہا۔محمد جاوید غنی نے افسران کاشکریہ ادا کیا اور امیدظاہر کی کہ ایف بی آر نئے چئیرمین کی قیادت میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ جاری رکھے گا۔