اسلام آباد: کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی انٹرپرائزز نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) اور دیگر سرکاری اداروں کے فرانزک آڈٹ کی منظوری دے دی ہے۔
یہ پیشرفت وفاقی وزیر خزانہ محمد حماد اظہر کی زیرِصدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس کے بعد سامنے آئی ہے۔ اجلاس میں سرکاری کاروباری اداروں کے فرانزک آڈٹ کے ٹرمز آف ریفرنس کی منظوری دی گئی۔
سیکرٹری خزانہ نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان (اے جی پی) آفس اور نجی آڈٹ فرمز کیلئے نظرثانی شدہ ٹرمز آف ریفرنس پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے معیار کو یقینی بناتے ہوئے اور لاگت میں کمی پر توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ گیپ کی نشاندھی ہو سکے اور بہتر سفارشات مرتب ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیے:
خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کے فرانزک آڈٹ کا فیصلہ
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی آئی اے کے ری سٹرکچرنگ پلان کی منظوری دیدی
فرانزک آڈٹ میں سرکاری کاروباری اداروں کے نقصانات کی تحقیقات، مشکوک اور فراڈ پرمبنی لین دین اور ذمہ داروں کی نشاندہی شامل ہو گی۔ تفصیلی گفت و شنید کے بعد کمیٹی نے سرکاری کاروباری اداروں کے آڈٹ کیلئے نظرثانی شدہ ٹرمز آف ریفرنس کی منظوری دے دی، آڈیٹر جنرل آفس اور پیپرا رولز کے مطابق نجی آڈٹ فرمز تمام اداروں کا آڈٹ کریں گی۔
سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کو بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) نے آگاہ کیا ہے کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے پی آئی اے اور اس کی ذیلی کمپنیوں کا خصوصی آڈٹ کیا ہے لہٰذا پی آئی اے کا فرانزک آڈٹ پیپرا رولز کے مطابق کسی معروف نجی فرم سے کرایا جائے، کمیٹی نے تجویز کی منظوری دیدی۔
اسی دوران پی آئی اے یورپین یونین، برطانیہ اور امریکہ کے لیے پروازیں دوبارہ سے شروع کرنے کے لیے انٹرنیشنل ائیر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کا آپریشنل سیفٹی آڈٹ پاس کرنے میں بھی کامیاب ہو گئی ہے۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) کو جولائی میں انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) کی طرف سے اس کا سیفٹی آڈٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔