‘وبا کے بعد دیگر ممالک کے مقابلہ میں پاکستان کے قرضوں میں سب سے کم اضافہ ہوا’

671

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے کہا کہ کوویڈ 19 کے بعد دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلہ میں پاکستان کے سرکاری قرضوں میں سب سے کم اضافہ ہوا ہے۔

آئی ایم ایف کی دنیا بھر کی معیشتیوں سے متعلق اقتصادی رپورٹ کے حوالے سے اپنے بیان میں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کوویڈ 19 سے نمٹنے کیلئے پاکستان نے دانش مندانہ مالیاتی پالیسیاں اپنائی ہیں، حکومت نے احساس پروگرام کے ذریعہ غریب اور کمزور طبقات تک معاونت پہنچانے کیلئے وسائل کی دوبارہ تخصیص کی۔

حماد اظہر کے مطابق انہی پالیسیوں کے نتیجہ میں کوویڈ 19 کے بعد دنیا کے دیگرممالک کے مقابلہ میں پاکستان کے سرکاری قرضوں میں سب سے کم اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: رواں مالی سال کے دوران حکومت نے کتنے ارب ڈالر قرض لیا اور کتنا واپس کیا؟

علاوہ ازیں جمعہ کو پنجاب کے وزیر محنت انصر مجید خان کی قیادت میں سٹون کرشنگ ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیر خزانہ حماد اظہر سے ملاقات کی، ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و پیداوار، ایف بی آر کے ممبر آپریشنز اور وزارت کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے حکومت کی جانب سے تعمیرات کی صنعت کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجہ میں بحران کے باوجود اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

ایسوسی ایشن کے سینئیر ارکان نے وفاقی وزیر خزانہ کو سٹون کرشنگ کی صنعت کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تعمیرات کی صنعت میں یہ کلیدی اہمیت کا حامل شعبہ ہے۔

ایسوسی ایشن کے ارکان نے وفاقی وزیر کو ٹیکس بالخصوص سیلز ٹیکس سے متعلق امور کے بارے میں آگاہ کیا اور اس نظام میں بے قاعدگیوں اور بے ضابطگیوں کے خاتمہ کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا۔

وزیر خزانہ نے ایف بی آر کو ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر اور تمام سٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے سے ٹیکس سے متعلق امور کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

ایسوسی ایشن نے وزارت خزانہ کی اضافی ذمہ داریاں سنبھالنے پر وزیر خزانہ کی تعریف کی اور ایسوسی ایشن کو مسلسل حمایت فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here