اسلام آباد: سیمنٹ کی مقامی کھپت اور برآمدات میں اضافہ کے نتیجہ میں مارچ 2021ء کے دوران سیمنٹ کی قومی صنعت کی مجموعی فروخت میں 44.39 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے اعدادو شمار کے مطابق مارچ 2021ء کے دوران فروخت کا مجموعی حجم 5.373 ملین ٹن تک بڑھ گیا جبکہ مارچ 2020ء کے دوران سیمنٹ کی فروخت 3.722 ملین ٹن رہا تھا، اس طرح مارچ 2020ء کے مقابلہ میں مارچ 2021ء کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 1.651 ملین ٹن یعنی 44.39 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق مارچ 2020ء کے مقابلہ میں مارچ 2021ء کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 41.96 فیصد اضافہ ہوا اور فروخت کا حجم 3.214 ملین ٹن کے مقابلہ میں 4.563 ملین ٹن تک بڑھ گیا۔
اسی طرح سیمنٹ کی برآمدات میں بھی 59.80 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور مارچ 2020ء کی پانچ لاکھ 7 ہزار 480 ٹن برآمدات کے مقابلہ میں مارچ 2021ء کے دوران برآمدات کا حجم 8 لاکھ 10 ہزار 962 ٹن تک پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس دوران ملک کے نارتھ زون میں کام کرنے والی صنعتوں کی فروخت 38.52 فیصد بڑھ گئی جبکہ جنوبی زون کی صنعتوں کی فروخت میں 62.28 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اے پی سی ایم اے کے اعدادو شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے نو ماہ میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 16.99 فیصد بڑھ گئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا مارچ 20-2019ء کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت 37.035 ملین ٹن رہی تھی تاہم رواں مالی سال میں جولائی تا مارچ 21-2020ء کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت کا حجم 43.325 ملین ٹن تک بڑھ گیا۔